ریاست گجرات میں کورونا وائرس کی رفتار اب دھیمی پڑگئی ہے۔ جہاں ایک طرف معمولات زندگی بحال ہوتی نظر آرہی ہے تو دوسری جانب کورونا کیسز میں بھی خاطر خواہ کمی درج کی گئی ہے۔ کورونا وائرس سے اب تک گجرات میں 4300سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جس کے سبب گجرات میں اب تک کورونا سے مرنے والوں کی کل تعداد 4344 پر پہنچ گئی ہے۔ خبر کے مطابق گجرات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 افراد ہلاک ہوئے ہیں تو وہیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں کورونا وائرس کے 671 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔
گجرات میں اب تک کل 2 لاکھ 51 ہزار 942 پازیٹیو معاملے سامنے آئے ہیں جبکہ گجرات میں کورونا کو شکست دے کر اپنے گھر جانے والوں کی کل تعداد 2 لاکھ 39 ہزار 771 پر پہنچ گئی ہے۔ ساتھ ہی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 806 افراد کو اسپتال سے ڈسچارج بھی کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ موجودہ وقت میں گجرات میں 7829 معاملے ایکٹیو ہیں جن میں سے 61 مریض جہاں وینٹی لیٹر پر ہیں، وہیں 7768 افراد کی حالت مستحکم بھی ہوئی ہے۔
محکمہ صحت گجرات کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں میں گجرات میں کورونا کے سب سے زیادہ معاملے احمدآباد میں123، سورت میں 103، وڈودرا میں 90، گاندھی نگر میں 6، بناس کانٹھا میں 11، راجکوٹ میں 64، پاٹن میں 4، امریلی میں 5، جام نگر میں 2، مہسانہ میں 13، جب کہ کَچھ میں 20 معاملے درج ہوئے ہیں۔