جموں کشمیر کے ضلع گاندربل میں 'مہا کمبھ' منانے کے لیے آندھرا پردیش اور تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے عقیدت مند آج صبح سے ہی پہنچنے لگے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ہر 12 سال کے بعد یہ کمبھ میلہ وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں سندھ ندی میں ڈبکیاں لگا کر منایا جاتا ہے۔ حالانکہ دیکھا جائے تو کشمیر میں درجہ حرارت اس وقت منفی 2 ڈگری کے پاس چل رہا ہے۔ جس کی وجہ سے سندھ نالے کا پانی بہت زیادہ ٹھنڈا ہے۔ اور اس ٹھنڈے موسم میں اس پانی سے نہانا کسی خطرے سے کم نہیں۔ لیکن آندھرا پردیش سے آنے والے یہ شردھالو مذہبی جوش اور جذبے کے ساتھ اس منفی درجہ حرارت کی پرواہ کئے بغیر نارائن باغ اور وایل میں ڈبکیاں لگاتے ہوئے نظر آئے۔
ان عقیدت مندوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے گناہوں کو سندھ میں دھونے کے لیے ہی یہاں آتے ہیں، عقیدت مندوں نے کہا ہے کہ یہ مذہبی رسم وہ ہر 12 سال کے بعد انجام دینے کےلیے یہاں آتے ہیں اور اس دوران اگر کسی کے والدین کی موت ہوئی ہوتی ہے تو ان کا بھی وہ یہاں آکر پنڈ دان کرتے ہیں۔