گاندربل (جموں و کشمیر) : وسطی کشمیر گاندربل ضلع میں تکیہ خَلہ مُلہ نامی علاقے میں سوچھ بھارت مشن کا زمینی سطح پر نام و نشان نہیں دکھائی دے رہا۔ علاقے میں جگہ جگہ گندگی، کوڑا کرکٹ اور گوبر کے ڈھیر جمع ہیں جس سے نہ صرف راہگیروں بلکہ مقامی باشندوں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تکیہ خلہ ملہ کے باشندوں کا کہنا ہے کہ حکومتی سطح پر سوچھ بھارت مشن کے تحت کئی اقدامات اٹھائے جانے کے بلند و بانگ دعوے کیے جا رہے ہیں تاہم زمینی سطح پر اس کا خاصا اثر دکھائی نہیں دے رہا ہے.
حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مقامی باشندوں نے کہا: ’’کارخانہ داروں، فیکٹری مالکان حتی کہ مقامی باشندوں کی جانب سے بھی سڑکوں کے کنارے اور گلی کوچوں پر کوڑا کرکٹ پھینکا جا رہا ہے۔ لوگ گھروں سے کوڑا نکال کر راستوں پر ڈال رہے ہیں، جگہ جگہ گوبر کے ڈھیر جمع ہیں جو حکومت کی جانب سے صفائی ستھرائی پر خرچ کیے جا رہے کروڑوں روپے کے دعووں کی قلعی کھول دیتے ہیں۔‘‘
لوگوں نے کہا کہ انہوں نے کئی بار عوام، کارخانہ داروں سے سڑک کنارے گندگی انڈیلنے سے پرہیز کرنے کی گزارشات کی گئیں اور تحصیلار تا ڈپٹی کمشنر گاندربل کی نوٹس میں بھی لایا گیا تاہم اس کے باوجود اس حوالہ سے کوئی بھی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ لوگوں نے کہا کہ بارہا انتظامیہ کی نوٹس میں لائے جانے کے باوجود کارروائی نہ کرنا اس بات کا غماز ہے کہ انتظامیہ زمینی سطح پر پوری طرح سے ناکام ہو چکی ہے یا پھر ایسے عناصر کے خلاف کسی خاص سازش کے تحت کارروائی انجام نہیں دی جا رہی۔ لوگوں نے مزید کہا کہ ’’کثیر آبادی چند خود غرض عناصر اور اثر و رسوخ رکھنے والے افراد کے سبب پریشانیوں سے جھیل رہی ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: Piles of Garbage irk Pulwama Residents: کوڑا کرکٹ سائنسی بنیادوں پر ڈمپ کرنے کا مطالبہ