گاندربل سب ٹرانسمیشن ڈویژن میں یومیہ اجرت پر کام کر رہے عارضی ملازمین نے پی ڈی ڈی دفتر کے باہر پر امن احتجاج کیا۔
درجنوں کی تعداد میں دھرنے پر بیٹھے عارضی ملازمین نے اعلیٰ افسران پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’مختلف اضلاع میں کام کر رہے ہمارے دیگر ساتھیوں کو باضابطہ طور پر ہر مہینے اجرت دی جا رہی ہے تاہم نا معلوم وجوہات کی بنا پر صرف ہمیں ہی اجرتوں سے محروم رکھا جارہا ہے۔‘‘
یومیہ اجرت پر کام کر رہے عارضی ملازمین نے کہا ہے کہ وہ باضابطہ طور پر پچھلے تقریباً دس برسوں سے مذکورہ محکمہ میں اپنی ڈیوٹی بحسن خوبی انجام دے رہے ہیں۔ تاہم اس کے باوجود ان کے ساتھ ’’سوتیلا سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔‘‘
احتجاجیوں کے مطابق انہیں پچھلے دس ماہ سے اجرتوں سے محروم رکھا گیا ہے۔ احتجاجی ملازمین نے کہا ہے کہ ’’تنخواہیں واگزار ہونے تک ہم اپنے دفتر کے سامنے پُر امن احتجاج جاری رکھیں گے۔‘‘