گاندربل: مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل کے بدر کنڈ میں مقامی سیاسی جماعت ’ڈیموکریٹک پروگریسیو آزاد پارٹی’ کی جانب سے ایک میٹنگ منعقد کی گئی۔ اس میٹنگ کی صدات مذکورہ جماعت کے ضلع صدر قیصر سلطان نے کی۔اس میٹنگ میں کثیر تعداد میں پارٹی سے وابستہ کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پرمختلف سیاسی جماعتوں سے ناطہ توڑکر ڈیموکریٹک پروگریسیو آزاد پارٹی کا دامن تھامنے والے کارکنان کو یہ تیقین دلایا کہ وہ شب وروز محنت کریں گے اور گاندر بل میں پارٹی کو مستحکم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے
ضلع صدر قیصر سلطان نے کہا کہ غلام نبی آزاد کا مشن ایک اچھا مشن ہے اور جموں و کشمیر کی پریشانی کو اگر کوئی حل کر سکتا ہے تو وہ غلام نبی آزاد ہیں۔ اس دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے قیصر سلطان نے کہا ہے کہ ہم پچھلے تین ماہ سے پارٹی کو مضبوط بنانے کی غرض سے ہر محلے میں جاکر میٹنگز منعقد کر رہے ہیں، تاکہ آنے والے پنچایتی انتخابات کے مد نظر پارٹی کو مزید مستحکم کر سکیں، اور ہمیں یقین ہے کہ لوگ پنچایتی الیکشن میں حصہ لے کر ہماری پارٹی اور پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنانے میں مدد کریں گے۔
مزید پڑھیں:Muzaffar Parray Resigns from Azad's Party مظفر پرے ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی سے مستعفی
انہوں نے مزید کہا ہے کہ گاندربل میں اب جب کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کا وجود ختم ہوتا ہوا نظر آرہا ہے، کیونکہ نیشنل کانفرنس نے جب سے اپنے سابقہ ممبر اسمبلی کو پارٹی سے نکالا ہے تب سے یہ پارٹی بکھری ہوئی نظر آرہی ہے۔ جب کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کا وجود تب سے ہی ختم ہوا ہے جب سے انہوں نے بھاجپا کے ساتھ ہاتھ ملایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ لوگ آزاد صاحب پر یقین کرتے ہیں، کیونکہ انہوں نے دوران وزیر اعلیٰ صرف چند برسوں میں گاندربل نہیں بلکہ پورے جموں و کشمیر میں وہ کام کۓ ہیں جو کہ واقعی قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان کے انداز بیان اور سیاست کا جموں و کشمیر میں کوئی بھی مقابلہ نہیں ہے۔