گاندربل: ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) گاندربل کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ، میونسپل کونسل گاندربل نے ضلع کے مختلف حصوں میں بازاروں کی چیکنگ کو تیز کیا اور FSSA معیارات اور ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے فوڈ بزنس آپریٹرز (FBOs) پر جرمانہ عائد کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی، میونسپل کونسل گاندربل کے چیرمین ایڈوکیٹ الطاف احمد کی سربراہی میں افسران کی ایک خصوصی ٹیم نے مختلف فوڈ بزنس یونٹس بشمول ریستورانوں، فاسٹ فوڈ آؤٹ لیٹس، چائے کے اسٹالوں اور اسٹریٹ فوڈ بنانے والوں کی مارکیٹ چیکنگ کی۔ سخت بازاری چیکنگ کے دوران بی ہامہ اور دودرہامہ کے مختلف بازاروں میں کام کرنے والے فوڈ بزنس یونٹس پر جرمانہ عائد کیا گیا جن میں فوڈ سیفٹی ریگولیشنز 2011 کی خلاف ورزی کی گئی تھی۔
اس دوران کئی جگہوں پر غیر معیاری گوشت، سبزیاں اور میوہ وغیرہ کو موقع پر ہی پھیکنےکا حکم دیا گیا۔ساتھ ہی کئی چھاپڈی فروشوں کا سامان بھی ضبط کیا گیا ہے۔ اس دوران کئی کلو پالی تھین بھی ضبط کی گئی۔ مزید برآں، ڈیلرز کو 5 بہتری کے نوٹسز بھی جاری کیے گئے جن میں فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ میں طے شدہ معیارات کے مطابق اپنے احاطے/ فوڈ آپریشنز کو بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات دی گئیں۔
اس موقعے پر ٹیم نے فوڈ بزنس آپریٹرز کو خبردار کیا کہ وہ فوڈ سیفٹی کے ضوابط کی خلاف ورزی نہ کریں جو کہ صحت عامہ کے خلاف ہیں۔ دریں اثنا، میونسپل کونسل گاندربل کے چیرمین ایڈووکیٹ الطاف احمد نے تمام کاروباری اداروں اور دکانداروں کو ہدایت دی کہ وہ محفوظ اور معیاری اشیائے خوردونوش/ضروری اشیاء کی فروخت کو یقینی بنائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام اشیائے ضروریہ حکومت کے منظور شدہ نرخوں پر فروخت ہوں۔ انہوں نے مارکیٹ چیکنگ ٹیموں سے کہا کہ وہ مہم جاری رکھیں۔