سرینگر (جموں و کشمیر) : کھیر بھوانی یاترا ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ویلفیئر سوسائٹی کے ممبران نے کھیر بھوانی کی پیشگی مبارک باد پیش کرتے ہوئے انتظامیہ سے یاترا کے دوران سبھی طرح کے انتظامات کو یقینی بنائے جانے کا مطالبہ کیا تاکہ جموں و کشمیر سمیت ملک بھر سے آنے والے یاتریوں کو کسی بھی طرح کی پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کھیر بھوانی یاترا ویلفیئر سوسائٹی کے چیئرمین، کِرن واتل نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے انتظامیہ سے رجوع کیا گیا ہے اور ان سے یاتریوں کو سبھی طرح کی سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماتا کھیر بھوانی یاترا میں ہزاروں یاتری وسطی کشمیر کے تلہ ملہ گاندربل میں منعقدہ میلے میں شرکت کرکے ماتا کے درشن کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں یاترا اور خصوصی پوجا پاٹ کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔ واتل نے مزید کہا کہ یاتریوں کے لیے لنگر کا اہتمام آسان کام نہیں تاہم اس کا انتظام بھی ہر سال کی طرح رواں برس بھی کیا جائے گا۔
کِرن واتل نے انتظامیہ سے یاتریوں کے لیے خصوصی بس سروس سمیت تلہ ملہ مندر کے گرد صاف صفائی، خاص کر چشمے کی صفائی انجام دیے جانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مندر کے نزدیک زنانہ غسل خانے اور بیت الخلاء خستہ ہو چکے ہیں جن کی مرمت ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ درشن سے قبل غسل کرنا پرانی روایت ہے اس لئے مقامی چشمے اور نالے کی صفائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس حوالہ سے انتظامیہ سے فوری اقدامات اٹھائے جانے کی بھی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو برسوں تک کووڈ 19کے سبب عائد بندشوں کے بعد امسال بھی گزشتہ برس سے زیادہ یاتریوں کی آمد کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں: Divisional Commissioner Reviews Yatra Arrangements: ڈویژنل کمشنر جموں نے یاترا کی تیاریوں کا جائزہ لیا