جموں وکشمیر پولیس نے بدھ کے روز 6 اکتوبر 2020 کو گاندربل ضلع کے بی جے پی نائب صدر پر حملہ کرنے کے ذمہ دار عسکریت پسندوں کے مبینہ معاونوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کی۔
پولیس کے بیان کے مطابق حملے کے وقت، رہنما کے ذاتی سیکیورٹی اہلکاروں (پی ایس او) نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں ایک عسکریت پسند شبیر احمد شاہ نامی شخص کی موقع پر ہی موت ہوگئی جو جنگلنار اونتی پورہ کا رہائشی تھا۔
پولیس نے کہا 'فائرنگ کے مختصر تبادلے کے دوران ایک پی ایس او الطاف حسین بھی شدید زخمی ہوگیا اور بعد ازاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مارا گیا۔ ہلاک عسکریت پسند سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ اس سلسلے میں قانون کے متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن گاندربل میں ایف آئی آر درج کی گئی۔'
انہوں نے کہا کہ تفتیش کے دوران عسکریت پسند تنظیم حزب المجاہدین (ایچ ایم) کے تین سرگرم معاونوں - قیصر احمد شیخ، اور آصف خضر میر ساکنہ سیرچ گندربل اور ہلال احمد میر ساکنہ برنبگ کنگن کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق تفتیش میں پایا گیا کہ یہ تینوں جرائم پیشہ سازش کا حصہ تھے اور انہوں نے بی جے پی رہنما پر حملہ کرنے کے لئے عسکریت پسندوں کی مدد کی۔ تفتیش کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود، ڈیٹونیٹرز اور پاکستان کے جھنڈے سمیت ممنوعہ مواد برآمد کیا گیا۔
جموں وکشمیر حکومت سے قانونی چارہ جوئی کی منظوری حاصل کرنے کے بعد ، پولیس نے تینوں ملزموں کے خلاف مجاز عدالت میں چالان پیش کیا۔