گاندربل:مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل میں ضلع پولیس کی جانب سے قومی سلامتی کے موضوع پرسیمینار اور پینٹنگ مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔اس مقابلے میں سینکڑوں لڑکے اور لڑکیوں نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔
مذکورہ تقریب کے انعقاد کا مقصد حب الوطنی، اتحاد کے جذبے کے پیغام کو عام کرنا اور پولیس شہداء کی ان کی جرات، بہادری اور قربانیوں کو یاد کرنا تھا جو انہوں نے قوم کے اتحاد اور سالمیت کے ساتھ ساتھ جان و مال کے تحفظ کے لیے دی تھیں۔
اس موقع پر مقررین نے لیکچرز پیش کیے اور سامعین کو قومی سلامتی کے حقائق اور مستقبل کی راہ کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے پورے جموں و کشمیر میں قومی سلامتی کو برقرار رکھنے میں جموں و کشمیر پولیس کے تعاون اور کردار کے بارے میں بھی بات کی۔ سیمینار میں پروفیسرز، لیکچررز، پی آر آیز سماجی کارکنان، کالج کے طلباء اور دیگر معزز شہری بھی موجود تھے۔
ڈی ایس پی ڈی آر نذیر احمد نے مہمان مقررین اور دیگر شرکاء کا شرکت کرنے اور تقریب کو کامیاب بنانے پر شکریہ ادا کیا۔ مزید برآں، مقابلہ پینٹنگ مانسبل پارک میں ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر گاندربل غلام حسن کی نگرانی میں منعقد ہوا جس میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء نے بڑے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں:LG Manoj Sinha Visit Industrial Estate Pulwama لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے صنعتی مرکز سڈکو لاسی پورہ کا دورہ کیا
شرکاء نے رنگین اور کثیر جہتی پینٹنگز کی تصویر کشی کی جو مختلف موضوعات پر غیر معمولی پیغامات کی عکاسی کرتی تھی۔ پینٹنگ مقابلے کے اختتام پر، پہلے تین پوزیشن ہولڈرز کو مناسب نقد انعامات، مومنٹوز اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔