وادی کشمیر کے وسطی ضلع گاندربل میں میں فور جی انٹرنیٹ کی سہولیات دوبارہ شروع ہونے کے بعد لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور لوگ کل شام سے ہی اپنی موبائل فون پر طرح طرح کے کام کاج میں مصروف نظر آئے۔
محکمہ داخلہ نے ایک آرڈر میں کہا تھا کہ "جلد ہی آزمائشی طور پر گاندربل اور ادھم پور اضلاع میں تیز رفتار موبائل انٹرنیٹ خدمات کو بحال کیا جائے گا۔"
آرڈر میں کہا گیا ہے کہ یہ خدمت آج یعنی اتوار کی رات 9 بجے سے 8 ستمبر 2020 تک آپریشنل ہوگی اور محکمہ داخلہ نے باضابطہ حکم کے ساتھ دونوں اضلاع میں آزمائشی طور پر خدمات دوبارہ شروع کردی۔
انٹرنیٹ کی بحالی کے ساتھ ہی مقامی لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ان کا کہنا ہے کہ "دیر آید درست آید" تاہم اس آزمائش کو اب برقرار ہی رکھنا چاہیے۔
مقامی لوگوں نے کہا کہ انٹرنیٹ وقت کی اہم ضرورت ہے تاہم وادی میں انٹرنیٹ خدمات کبھی معطل ہوتی ہیں تو کبھی ان کی رفتار کم کردی جاتی ہے جس سے عام لوگوں کو مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ تجارت سے وابستہ طبقے کے لوگوں کو بھی کروڑوں روپے نقصان کا خمیازہ اٹھانا پڑا ہے کیوں کہ لوگ سست رفتار انٹرنیٹ ہونے کی وجہ سے اپنے کام کو انجام نہیں دے پا رہے تھے۔
ایک سماجی کارکن نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب دوسرے اضلاع میں بھی اسی طرح انٹرنٹ بحال کیا جانا چاہئے تاکہ ایک سال کے نقصانات کی تھوڑی بہت تلافی کی جائے۔