گاندربل (جموں کشمیر) : وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں محکمہ ایکسائز نے منشیات کے استعمال اور نشہ آور فصلوں کی کاشت کے خلاف عوام میں بیداری لانے کے لیے ایک جامع مہم کا آغاز کیا۔ جامع مسجد لار میں منعقدہ ایک تقریب میں اس مہم کا باضابطہ آغاز کیا گیا، جہاں محکمہ ایکسائز کے افسران نے عوام کو منشیات کے استعمال کے مضر اثرات اور اس بدعت سے نجات کے لیے اجتماعی ذمہ داری کی اہمیت کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔
اس موقع پر تقسیم کیے گئے معلوماتی پمفلٹس میں نہ صرف منشیات کے استعمال سے صحت، سماجی اور معاشی نقصانات کو اجاگر کیا گیا، بلکہ نشہ آور فصلوں کی کاشت کے خلاف قانونی کارروائی کے بارے میں بھی وضاحت کی گئی۔ اہم ترین پہلو، مذہبی رہنماؤں کی اس مہم میں شمولیت رہی، جنہوں نے خطبہ جمعہ کے ذریعے گاندربل کو منشیات کے استعمال اور کاشت سے پاک بنانے کی تلقین کی۔ اور ائمہ و خطباء کی جانب سے سپورٹ نے اس مہم کو ایک اخلاقی تقویت بخشی۔
مزید پڑھیں: Drive Against Poppy Cultivataion: ترال میں خشخاش کی فصل کے خلاف مہم جاری
محکمہ ایکسائز کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ یہ مہم ضلع بھر میں اسکولوں، کالجوں، مساجد اور دیگر مقامات پر جاری رہے گی۔ اس مقصد کے حصول کے لیے عوام، سماجی رہنماؤں اور انتظامیہ کے درمیان تعاون کو ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے خلاف آواز بلند کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع محکمہ ایسکسائز یا پولیس کو پہنچائی۔ افسران کا کہنا ہے کہ گاندربل میں شروع کی گئی یہ مہم ضلع کو منشیات کی بدعت سے پاک بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے، جس کی کامیابی کے لیے عوام کی بھرپور شمولیت ناگزیر ہے۔