ضلع گاندربل کے سالورہ، حجام محلہ سے داری بل، سندھ بل تک کی سڑک کی مرمت کا کام محکمہ پی ایم جی ایس وائی نے کئی سال شروع کیا تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر سڑک کی مرمت کا کام ادھورا چھوڑ دیا گیا۔
مقامی باشندوں کے مطابق سڑک کی مرمت کا کام ادھورا چھوڑے جانے کے باعث راہگیروں کو عبور و مرور میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی خستہ حالی کے باعث وسیع آبادی کو مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کی تعمیر کے دوران محض چند میٹر کی سڑک کو ادھورا چھوڑ دیا گیا جس کے باعث سڑک تعمیر کرنے کا مقصد ہی فوت ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مقامی باشندوں نے متعلقہ محکمہ کو سڑک کی تعمیر مکمل کئے جانے سے متعلق کئی بار گزارشات کیں تاہم محکمہ تعمیرات عامہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں لیت و لعل سے کام لے رہا ہے۔
لوگوں نے اعلیٰ حکام سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے سڑک کی تعمیر کو جلد سے جلد مکمل کیے جانے کے گزارش کی ہے۔