جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ عسکریت پسندوں کے ساتھ ساتھ کورونا وارئس کے مریضوں کو بھی ایکسپورٹ کرے گا جس سے عوام میں انفیکشن پھیلے گا اور جس کے چلتے بہت احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
پولیس سربراہ نے بدھ کو وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں نامہ نگاروں کو بتایا ’’کچھ چیزیں سامنے آئی ہیں اور یہ بڑے تشویش کی بات ہے کہ پاکستان ابھی تک صرف دہشت گرد ایکسپورٹ کرتا تھا لیکن اب وہ کورونا کے مریض بھی ایکسپورٹ کرے گا۔ کشمیر میں ہمارے لوگوں میں انفیکشن پھیلائے گا۔ یہ ایک بات ہے جس پر احتیاط برتنے کی ضرورت ہے اور یہ ہمارے لئے باعث تشویش ہے۔‘‘
دلباغ سنگھ، جنہوں نے آئی جی پی کشمیر وجے کمار کے ہمراہ گاندربل کا دورہ کیا، نے بتایا کہ ضلع پولیس لاک ڈائون پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو راحت پہنچانے کے لئے بھی کام کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا ’’ہم نے یہاں ایک میٹنگ میں سیکورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ میٹنگ میں میرے اور آئی جی صاحب کے علاوہ ضلع مجسٹریٹ اور ایس پی گاندربل موجود تھے۔ نافذ لاک ڈائون اور اس دوران لوگوں کو راحت پہنچانے کا کام جو ضلع پولیس کر رہی ہے اس کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ہماری ضلع پولیس باقی فورسز کے ساتھ مل کر اچھا کام کررہی ہے۔‘‘