ڈپٹی کمشنر گاندربل کرتیکا جیوتسنا نے آج میڈیا کو ضلع میں موجودہ کووڈ منظرنامے کے بارے میں آگاہ کیا۔
تفصیلات دیتے ہوئے ڈی سی نے بتایا کہ اس ماہ میں ضلع میں فعال کیسز میں زبردست کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتہ ضلع میں کورونا کے سرگرم کیس 507 تھے جو اب 249 رہ گئے ہیں۔
گذشتہ ہفتے ہونے والے ٹیسٹوں کے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ RAT (ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ) مثبت کی شرح 3.95 فیصد تھی جو کم ہو کر 1.97 فیصد رہ گئی ہے۔
انہوں نے ضلع میں RAT جانچ کی سہولت کے بارے میں تفصیل دیتے ہوئے کہا کہ RAT جانچ کی سہولت اب تمام 126 کووڈ کیئر سینٹرز میں دستیاب ہے۔ اور آج تک ان مراکز پر تقریباً 1700 ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
انہوں نے لوگوں سے گزارش کی کہ اگر کووڈ سے متعلقہ علامات ہیں تو ان مراکز پر جاکر اپنا ٹیسٹ کریں۔
اٹھارہ سے 44 سال تک کی عمر کے لوگوں کی ویکسینیشن کے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے ڈی سی نے بتایا کہ آج تک 7000 سے زیادہ افراد کو ویکسین لگایا گیا ہے۔ انہوں نے دکانداروں، ٹرانسپورٹرز، جرنلسٹ، وکلاء اور امرناتھ یاترا سروس فراہم کرنے والوں سے اپیل کی کہ وہ ویکسینیشن مراکز جاکر ویکسینیشن کی پہلی خوراک حاصل کریں۔
ضلع میں کورونا پابندیوں میں نرمی کے بارے میں ڈی سی نے کہا کہ اگرچہ پابندیاں کم ہو چکی ہیں لیکن کووڈ پابندیوں میں نرمی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وبائی مرض ختم ہو گیا ہے اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ وبائی مرض سے تحفظ کے لئے جاری کی گئے رہنما خطوط پر سختی سے عمل کریں۔