ضلع گاندربل میں روایتی طریقوں سے زراعت کر رہے کسانوں اور پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کی فلاح بہبود کے لئے ایف ٹی ای سی، گاندربل نے 70 کسانوں کو جموں و کشمیر کے یک روزہ ’’فارمر ٹور‘‘ پر روانہ کیا۔
ٹور پر بھیجے گئے کسانوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کسان جدید تکنیک سے متعارف ہوتے ہیں اور جدید زرعی طریقوں سے پیداوار میں اضافہ کر کے اپنی آمدنی بھی بڑھا سکتے ہیں۔
اس موقع پر ایف ٹی ای سی کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور انچارج چیف ایگریکلچر آفیسر گاندربل کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے 35 مرد اور 35 خواتین پر مشتمل اس گروپ کو مرکزی علاقہ جموں و کشمیر کے یک روزہ ٹور پر روانہ کیا۔
مزید پڑھیں؛ 'بندوق کسی بھی مسئلہ کا حل نہیں'
چیف ایگریکلچر افسر، گاندربل نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک برس سے کورونا وائرس کے سبب اس طرح کے ٹور کا انعقاد نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ محکمہ صحت کی جانب سے مرتب کردہ رہنما خطوط پر عمل کرتے ہوئے اس ٹور کا اہتمام کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ٹورز میں کسانوں کو نئی اور جدید تکنیک سے متعارف کیا جا سکتا ہے جس سے نہ صرف کسان اپنی پیداوار میں اضافہ کر سکتے ہیں بلکہ اس سے معیشت بھی مستحکم ہوتی ہے۔