گاندربل: کمشنر سیکریٹری فوڈ سول سروسز اینڈ کنزیومر افیئرس، زبیر احمد، نے وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے عوامی وفود سے ملاقات کی جبکہ منی سیکریٹریٹ میں منعقدہ عوامی دربار کی صدارت انجام دی۔ عوامی دربار میں ڈی سی گاندربل شیامبیر سنگھ، اے ڈی ڈی سی گاندربل، صدر میونسپل کونسل گاندربل، اے ڈی سی، سی پی او کے علاوہ مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان بشمول ریونیو، بجلی، ہیلتھ، ایجوکیشن، پبلک ورکس، ایف سی ایس اینڈ سی اے، زراعت نے شرکت کی۔ جبکہ اس موقع پر پی آر آئی ممبران سمیت مقامی باشندوں کی خاصی تعداد بھی موجود رہی۔
عوامی دربار میں پی آر آئی نمائندوں نے اپنے اپنے علاقوں سے متعلق کئی مسائل، ترقیاتی پروجیکٹس کے بارے میں حکام کو آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں کمشنر سیکٹریٹری کی توجہ ڈسٹرکٹ اسپتال میں سی ٹی سکین کی سہولت، پاندچھ - بیہامہ روڈ کی وسعت، ضلع میں زنانہ کالج کا قیام، ٹرانسفارمرز کا بفر سٹاک، آر ٹی سی یارڈ، زیر تعمیر پلوں کی جلد از جلد تکمیل اور شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کیے جانے کی جانب مبذول کرائی گئی۔
عوامی وفود نے لاری پرینگ واٹر سکیم، کئی علاقوں میں راشن سٹورز کے قیام، تلمولہ میں سڑک کی چوڑائی، تلمولہ میں کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے، ٹاؤن کی خوبصورتی، ٹاؤن میں تجاوزات کے خاتمے کی مانگ کی۔ حکام نے عوام، پی آر آئی نمائندوں کی جانب سے اجاگر کیے گئے مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
مزید پڑھیں: Ruckus During Ramban Awami Darbar: رام بن میں پبلک دربار، سرپنچوں نے کیا واک آؤٹ
دربار کے دوران خطاب کرتے ہوئے کمشنر سیکریٹری نے پبلک آؤٹ ریچ کیمپس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ اجتماعات شہریوں کو اپنی شکایات اور حکومت کو مناسب ذرائع سے ان کے حل میں تیزی لانے کا ایک پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔‘‘ ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے تئیں حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کمشنر سیکریٹری نے یقین دلایا کہ لوگوں کے تحفظات کی مکمل جانچ کی جائے گی اور انہیں حل کرنے کے لیے متعلقہ محکمہ کے ساتھ بات چیت کی جائے گی۔