گاندربل: وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں خواتین سے متعلق وضع کی گئی مخصوص اسکیموں سے صنف نازک کو آگاہ کرنے کی غرض سے واکورہ علاقے میں بیداری کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے خواتین کو درپیش مسائل بشمول گھریلو تشدد، جنسی استحصال کے متعلق بھی با خبر کیا گیا۔ انہیں بتایا گیا کہ اس طرح کی صورتحال پیش آنے کے وقت انہیں کون سے اقدامات اٹھائے جانے چاہئے اور ایسی صورتحال میں انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی خصوصی قانونی امداد کے متعلق بھی انہیں آگاہی فراہم کی گئی۔
بیداری کیمپ میں SHG سیلف ہیلپ گروپ کے درجنوں ارکان نے حصہ لیا۔ بیداری کیمپ میں ضلع گاندربل کے واکورہ سمیت ملحقہ علاقوں بشمول صفا پورہ، یونگورا، کرہامہ، کوند بل، بٹوینا، گوزامہ، ڈب، واسکورہ، پہلی پورہ، مناسبل اور بارسو سے تعلق رکھنے والی متعدد خواتین نے شرکت کی۔ اس موقع پر گھریلو تشدد، جنسی استحصال، ہراسانی سمیت دیگر اہم مسائل، جو اس وقت خواتین کو درپیش ہیں، پر گفتگو کی گئی۔
بیداری کیمپ میں شریک خواتین کو جنسی ہراسانی کے وقت خاموش رہنے کے بجائے اس کے خلاف اپنی آواز بلند کرنے اور ضرورت پڑنے پر انتظامیہ سے مدد طلب کرنے کی تلقین کی گئی۔ مقررین نے بتایا کہ ایسی صورتحال سے نپٹنے کے لیے حکومت کی جانب سے پولیس سمیت دیگر محکمہ جات میں علیحدہ سیکشن تشکیل دئے گئے ہیں بلکہ قانونی چارہ جوئی کی ضرورت پڑنے پر خواتین کو مفت قانونی امداد بھی فراہم کی جا سکتی ہے۔
بیداری کیمپ میں طلاق یافہ یا بیوہ خواتین کے لیے حکومتی امداد کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔ ادھر، ہنر مند اور دستکار خواتین کو روزگار کمانے کا اہل بنانے کے حوالہ سے ’’تیجسونی‘‘ سمیت دیگر مختلف اسکیموں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔ انہیں نہ صرف ان اسکیموں سے آگاہ کیا گیا بلکہ ان سے استفادہ کرنے کے طریقہ کار بھی سکھائے گئے۔
مزید پڑھیں: Anganwadi Awareness Camp ترال میں آنگن واڈی محکمہ کی جانب سے بیداری کیمپ
واکورہ، گاندربل میں منعقد کیے گئے بیداری کیمپ میں شریک خواتین نے اس طرح کے کیمپس کے انعقاد پر حکام کی ستائش کرتے ہوئے مستقبل میں بھی مزید کیمپس کے انعقاد کی امید ظاہر کی۔ وہیں منتظمین نے مستقبل میں بلاک سطح پر اس طرح کے پروگرامز کے انعقاد کی یقین دہانی کی۔