ضلع ڈورہ سے تعلق رکھنے والے نیشنل کانفرنس کے لیڈر ریاض احمد زرگر نے گپکار اتحاد کے اس بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں انہوں نے ضلع کونسل انتخابات میں اپنے مشترکہ اُمیدوار اُتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے فرقہ پرست طاقتوں کو روکنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آپسی اتحاد و اتفاق کو مضبوط بنائیں اور شر پسند عناصر کے عزائم کو ناکام بنائیں۔
ہم ملک کے دشمن نہیں بی جے پی کے دشمن ضرور ہیں: فاروق عبداللہ
ریاض احمد زرگر نے بی جے پی حکومت اور ایل جی سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں بے روزگاری بڑھتی جا رہی ہے، مہنگائی عروج پر ہے اور مزدور طبقہ انتہائی مشکلات سے دوچار ہے تعمیر و ترقی ٹھپ ہے۔
انہوں نے خطہ چناب کی عوام سے ہندو مسلم اتحاد کو قائم رکھنے و ضلع کونسل انتخابات میں ایماندار و دیانتدار امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل خطے جموں میں عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ نے میٹنگ کے دوران فیصلہ کیا کہ آنے والے ڈی ڈی انتخابات مشترکہ طور پر لڑیں گے۔
انتظامیہ نے جموں و کشمیر میں ڈی ڈی سی انتخابات کا اعلان کیا ہے۔ انتطامیہ کے مطابق ضلعی ترقیاتی انتخابات رواں ماہ کی 28 تاریخ سے 8 مرحلوں میں معقد ہونگے۔