ڈوڈہ (جموں و کشمیر) : جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع ڈوڈہ میں گزشتہ کئی ماہ سے رابطہ سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے اور میگڈمائز سڑکوں کو تقریباً بھی پنچایتوں اور دیہات تک پہنچایا جا رہا وہیں قدیم اور خستہ ہو چکی سڑکوں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ پہاڑی ضلع میں ایرا (ERA) کے تحت سڑکوں کے کئی اہم پروجیکٹس کو منظوری دی گئی ہے جن میں ملنائی سے چکربھٹی اور تھلیلا سے پنیجا شامل ہیں۔ ان سڑکوں کو بہتر حفاظتی دیواروں اور گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے کشادہ بھی کیا گیا ہے جس کے سبب اب لوگ ان سڑکوں پر آسانی سے گاڑی چلا سکتے ہیں۔
اس ضمن میں ڈی ڈی سی چیئرمین، ڈوڈہ، دھنہنتر سنگھ کوتوال نے کہا کہ ’’ایرا کے تحت ضلع میں دو اہم سڑکوں کے پروجیکٹس کو منظوری دی گئی تھی اور یہ سڑکیں بارش کے دوران بہت خراب ہو جاتی تھیں اور سفر بہت خطرناک ہو جاتا تھا۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’یہ علاقے بہت پسماندہ ہیں اور ان علاقوں کو تعمیر و ترقی کے لحاظ سے نظر انداز کیا گیا تھا لیکن اب موجودہ حکومت نے اپنی تمام تر توجہ دیہی ترقی پر مرکوز کر دی ہے۔‘‘
ایرا کی جانب سے انجام تعمیر کی گئی سڑکوں کے حوالہ سے کوتوال نے کہا کہ یہ محکمہ تعمیرات عامہ، پی ایم جی ایس وائی سے دوگنا فنڈز کے ذریعے سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور کشادگی انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایرا کے تحت مزید پروجیکٹس کو منظوری دی جائے گی جس سے پہاڑی علاقوں میں آباد لوگوں کی مشکلات میں کمی واقع ہوگی۔
مزید پڑھیں: ڈوڈہ-کلہانڈ رابطہ سڑک کی تعمیر
بہتر رابطہ سڑکوں کو سیاحت کے لیے ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کوتوال نے کہا کہ پہاڑی ضلع ڈوڈہ میں سیاحت کو فروغ دینے کے حوالہ سے انتظامی سطح پر سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں اور مستقبل میں ٹورزم کے ذریعے ہی بے روزگاری پر کافی حد تک قابو پایا جا سکتا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ ٹورزم کے پوری طرح فروغ کے لیے بہتر سڑکیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سیاحت کو فروغ دینا ہے تو سڑکوں اپگریڈ کرنا ناگزیر ہے۔