ضلع ڈوڈہ کے پریم نگر ٹھاٹھری علاقہ میں دریائے چناب سے ریت نکال کر اپنی روزی روٹی کا انتظام کرنے والے مزدوروں اور پولیس کے مابین ہوئے پُرتشدد واقعہ میں ایس ایچ او ٹھاٹھری زخمی ہوگئے۔ یہ مزدور پریم نگر کے شبننوت علاقہ میں انتظامیہ کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔
مزدوروں کا مطالبہ تھا کہ انہیں دریائے چناب کے کناروں سے ریت لے جانے کی اجازت دی جائے۔ چونکہ یہ علاقہ ریت نکالنے کے لئے ایک ٹھکیدار کو سونپا گیا ہے۔ اس لئے غریبوں کو بھی روزگار کا موقع دیا جائے۔
جب ایس ایچ او ٹھاٹھری امرت کٹوچ موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے بات کرنے کی کوشش کی تو بات چیت نے پُرتشدد موڑ لے لیا۔
مزدوروں نے پولیس پر پتھراؤ شروع کردیا۔ جس میں ایس ایچ او ٹھاٹھری کو چوٹیں آئیں اور انہیں علاج کے لئے فوری طور پر ڈوڈہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔
بعد ازاں مزید پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین کو منتشر کیا گیا۔
احتجاج ختم ہی ہوا تھا کہ پریم نگر اور ٹھاٹھری کے کچھ مقامی لوگوں نے پریم نگر میں احتجاج کیا اور پتھراؤ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اس دوران بٹوت کشتواڑ قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی نقل و حرکت بھی متاثر ہوئی۔