جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے بیولی سڑک کی تجدید مرمت کا کام مکمل ہونے کے بعد لوگوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
گیارہ کلو میٹر لمبی اس سڑک پر دو سال قبل تجدید و مرمت کا کام شروع ہوا تھا۔ پہلے مرحلے میں پُل ڈوڈہ سے ڈاک بنگلہ ڈوڈہ تک کام مکمل کیا گیا اور دوسرے مرحلے میں بھرت روڈ سے بیولی تک سڑک کو کشادہ کرنے اور حفاظتی دیواروں کی تعمیر کا کام مکمل کرنے کے بعد تارکول بچھایا گیا۔ اب بیولی سڑک کی خستہ حالت درست ہونے کے بعد مقامی لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے۔
مزید پڑھیں: رامبن: انتظامیہ کو راج گڑھ- کاستی گڑھ روڈ پر توجہ دینے کی ضرورت
لوگوں کا کہنا ہے کہ ضلع کی مصروف ترین سڑک پر معیاری قسم کا کام ہوا ہے، جو آج سے قبل کبھی نہیں ہوا تھا۔ پہلے بھی بہت بار تارکول بچھایا جاچکا ہے، لیکن یہ چند ماہ کے اندر ہی خراب ہوجاتا تھا۔ سڑک پر جگہ جگہ گڑھے ہونے کی وجہ سے مسافروں اور گاڑی چلانے والوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
بیولی سڑک کے نزدیک رہائش پذیر شہریوں نے متعلقہ محکمہ کے چیف انجینیئر سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کی تعمیر تو بہتر ہوئی ہے۔ لیکن مکینوں کو بارش، سیلاب کے پانی سے ابھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس لئے سڑک پر نکاسی کا معقول انتظام کیا جائے۔ جس سے عوام کو فائدہ بھی ہوگا اور سڑک کے تارکول کو طویل مدت تک کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔