جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کی تحصیل گندوہ بھلیسہ کی عوام نے یونین ٹیریٹری جموں و کشمیر میں 4 جی انٹرنیٹ کی بحالی پر حکومتی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
گندوہ بھلیسہ کے عوام، اس اقدام سے کافی خوش ہیں جس کی وجہ سے انھوں نے وزیراعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور ایل جی منوج سنہا کا شکریہ ادا کیا ہے۔
عوام نے کہا کہ 4 جی انٹرنیٹ کی سروس بحال ہونے کی وجہ سے کاروباریوں اور طلبا کو کافی سہولیات فراہم ہوں گی اور اب ایسے لوگ بغیر کسی پریشانی کے بیرونی دنیا سے رابطہ قائم کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں اٹھارہ ماہ بعد تیز رفتار انٹرنیٹ 4 جی سروس بحال کر دی گئی ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر میں 4 جی سروس پوسٹ پیڈ سم کے لیے ہی بحال کی گئی ہے۔ حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ پری پیڈ صارفین 'ویریفکیشن' کے بعد ہی ان سہولیات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔
قابل غور بات یہ ہے کہ مرکزی حکومت نے پانچ اگست 2019 کو دفعہ 370 منسوخ کر کے جموں و کشمیر کی نیم خود مختار ریاست کی حیثیت ختم کر دی تھی اور اسے مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کر دیا تھا۔ اس اقدام کے بعد احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ خدمات کو بھی معطل کر دیا گیا تھا۔ تاہم 16 اگست 2020 کو جموں و کشمیر کے دو اضلاع گاندربل اور ادھمپور میں فور جی موبائل انٹرنیٹ خدمات زائد از ایک سال بعد تجرباتی طور پر بحال کر دی گئی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: جموں وکشمیر میں اٹھارہ ماہ بعد 4 جی سروس بحال