خطہ چناب کے ضلع ڈوڈہ میں موسم سرما کے دوران سڑک حادثات میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ پیر کے روز بعد دوپہر بٹوت کشتواڑ شاہراہ پر تیل ٹینکر کو پیش آئے حادثہ میں ایک شخص کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔
تفصیلات کے مطابق سڑک حادثہ کوڑا پانی عسّر کے مقام پر اُس وقت پیش آیا جب ایک تیل ٹینکر زیر نمبر JK02BP 9330 ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سڑک سے سو فِٹ کی دوری پر جاگرا جس کے نتیجہ میں ٹینکر ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
حادثہ کی خبر پھیلتے ہی مقامی رضاکار تنظیم الخیر نے جائے حادثہ پر پہنچ کر بچاؤ کارروائی شروع کی اور خون میں لت پت ڈرائیور کو نزدیکی اسپتال عسّر منتقل کیا گیا۔ حادثہ میں ہلاک ڈرائیور کی شناخت منشی خان ولد فقیر محمد ساکنہ کالاکوٹ راجوری کے طور ہوئی ہے۔
عسّر اسپتال سے قانونی لوازمات مکمل کرنے کے بعد لاش کو لواحقین کے حوالے کیا گیا۔