ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے پانچویں مرحلے کے تحت دس دسمبر کو ضلع ڈوڈہ کے ڈی ڈی سی حلقہ انتخاب ٹھاٹھری، کاہراہ اور گندنہ میں ووٹ ڈالے گئے۔
مذکورہ علاقوں میں گزشتہ تین روز سے بارش اور برفباری کی وجہ سے میدانی علاقوں میں سرد لہر میں شدید اضافہ ہوا ہے اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
مذکورہ حلقوں میں پولنگ مقررہ وقت صبح سات بجے شروع ہوئی لیکن سخت ٹھنڈ کی وجہ سے لوگ دیری سے گھروں سے باہر نکلے اور اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے پولنگ مراکز تک پہنچے۔
ذرائع کے مطابق صبح سات بجے تا دو بجے تک ضلع میں مجموعی طور ووٹنگ شرح 70.20 درج کی گئی، انتخابی حکام کے مطابق ڈی ڈی سی حلقہ گندنہ میں کُل 18519 رائے دہندگان میں سے 14470 رائے دہندگان نے 46 پولنگ مراکز پر ووٹ ڈالے، جس میں 7466 مرد اور 7004 خواتین رائے دہندگان شامل ہیں۔
گندنہ میں سب سے زیادہ 78.14 فیصدی ووٹنگ شرح ریکارڈ کی گئی۔ حلقہ ٹھاٹھری کے 20144 رائے دہندگان کے لیے 51 پولنگ مراکز پر 6197 مرد اور 5430 خواتین رائے دہندگان نے ووٹ ڈالے اور ڈی ڈی سی حلقہ کاہراہ کے 18229 رائے دہندگان کے لیے 52 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے۔ کاہراہ میں 7285 مرد اور 6994 خواتین رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔