ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ ڈاکٹر ساگر ڈی ڈائفوڈ نے اے ایس پی ماسٹر پوپسی کی موجودگی میں ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پولیس کے اعلیٰ آفسران، ایس ایس بی کمانڈنٹ اور ضلع انتظامیہ کے عہدیداران بھی موجود تھے۔
ٹورنامنٹ کا پہلا مقابلہ ڈوڈہ اور کشتواڑ کے مابین کھیلا گیا۔ ڈوڈہ نے پہلے ہی میچ میں با آسانی کشتواڑ کو شکست دی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے اے ایس پی ماسٹر پوپسی ملک نے بتایا کہ پولیس کی طرف سے سیوک ایکشن پروگرام کے تحت رینج لیول کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا ہے، جس میں ڈوڈہ، کشتواڑ، رامبن اضلاع سے چھ ٹیمیں حصّہ لے رہی ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ ڈوڈہ کے با صلاحیت کھلاڑیوں کو آگے نکلنے کے مواقع فراہم کرنے کے لئے پولیس اس طرح کے پروگرام منعقد کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ عوامی روابط کو مضبوط بنانے میں بھی کرکٹ ٹورنامنٹ اہمیت کے حامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈوڈہ میں ڈیجیٹل ڈرائیونگ انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح
انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع میں کرکٹ کو لوگ کافی پسند کرتے ہیں اور یہاں نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ہے۔ صرف اُن کو پلیٹ فارم مہیا کرنا ضروری ہے۔ پولیس آفیسر نے بتایا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لت سے دور رکھنے کے لیے کھیل کود کی سرگرمیاں بہت ضروری ہیں۔ کھیل کود طویل لاک ڈاؤن کے بعد جسمانی، ذہنی تندرستی کے لئے مفید ثابت ہوگا۔
نمائندہ ای ٹی وی بھارت سے کچھ کھلاڑیوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پولیس کی طرف سے منعقدہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصّہ لے کر بہت خوش ہیں۔ پولیس بار بار اُن کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتی ہے اور وہ پُر امید ہیں کہ وہ ہر سطح پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ریاستی سطح پر اپنے علاقہ کا نام روشن کریں گے۔