جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع ڈوڈہ میں اتوار کے روز ایک مشکوک شخص سے پولیس نے تلاشی کے دوران 15 گرام تیار افیم اور نقد رقم کو برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اتوار کے روز ڈوڈہ صدر مقام سے سات کلو میٹر دور کھلینی نالہ کے مقام پر پولیس کی طرف سے معمول کے مطابق مسافر بردار و نجی گاڑیوں کی تلاشی لی جا رہی تھی۔ چیکنگ کے دوران ایک مشکوک شخص نے تلاشی سے بچنے کے لئے بھاگنے کی کوشش کی۔ لیکن پولیس نے اُس کو بھاگنے نہیں دیا اور وہاں ہی گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کر لی۔
گرفتار شخص کی شناخت فیاض احمد ولد عبد الطیف ساکنہ بھیلی آرنوڑہ ڈوڈہ کے طور ہوئی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ شخص پُل ڈوڈہ سے کھلینی کی طرف جا رہا تھا اور کھلینی نالہ میں پولیس کے ہاتھوں غیر قانونی مواد لے کر پکڑا گیا۔
چیکنگ کے دوران گرفتار شدہ شخص کے قبضے سے پندرہ گرام افیم اور چالیس ہزار روپے برآمد کئے گئے۔ اس سلسلے میں پولیس نے تھانہ پولیس ڈوڈہ میں ایک مقدمہ زیر نمبر 160/2020 U/S I/17(a) NDPS ایکٹ کے تحت درج کیا ہے جبکہ اس تعلق سے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔