خطہ چناب کے ضلع ڈوڈہ میں پیر کی صبح طویل عرصہ کے بعد ہونے والی موسلا دھار بارش کی وجہ سے ضلع کے مختلف مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
ضلع کے مضافاتی علاقوں میں صبح سے ہی موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں مختلف جگہوں پر مٹی کے تودے گرنے اور ڈھالانیں کھسکنے کے واقعات رونما ہوئے۔ وہیں، ندی نالوں میں طغیانی کے سبب سڑکیں گاڑیوں کی آمد رفت کے لیے بند ہو گئی ہیں۔
ضلع ڈوڈہ کے تحصیل کاستی گڑھ میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے ناگنی کے مقام پر بارش کے سبب سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور تیز بہائو کے سبب ٹریفک کی آمد و رفت بند ہو گئی ہے۔
وہیں، ایک گاڑی پانی کے تیز بہائو میں بہہ گئی۔ گر چہ مقامی نوجوانوں نے ڈرائیور کو بحفاظت گاڑی سے باہر نکالا تاہم گاڑی سیلاب کے ملبے میں دھنس گئی۔
مزید پڑھیں؛ گاندربل: بادل پھٹنے سے سیلابی صورتِ حال
ضلع کے مختلف علاقوں کی رابطہ سڑکیں زیر آب آنے سے سڑکیں گاڑیوں کی آمد رفت کے لیے بند ہو گئی ہیں۔
سیلابی بارش سے جہاں ایک طرف رابطہ سڑکوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ وہیں، کسانوں، باغبانوں نے طویل خشک موسم کے بعد راحت بھری سانس لی ہے۔ بارش کے سبب درجہ حرارت میں کافی گراوٹ درج کی گئی ہے۔