ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ نے ضلع میں کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کے پیش نظر ضلع صدر مقام پر ایک خصوصی کووِڈ19 کنٹرول روم قائم کیا ہے جہاں ضلع میں کورونا سے متعلق معاملات اور پیش رفت پر نظر رکھی جائے گی۔
اس موقعے پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے بتایا کہ ڈوڈہ میں ایک خالی پڑی سرکاری عمارت کو کووڈ 19کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے استعمال میں لایا جائے گا جس کے ذریعے ضلع بھر میں تعینات نوڈل افسران ضلع صدر مقام کے ساتھ رابطے میں رہیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کورونا سے متعلق کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اس نوعیت کے کنٹرول روم کی اشد ضرورت تھی۔ جسے چوبیس گھنٹے عوام کی خدمت کے لئے فعال بنایا جائے گا تاکہ عوام اپنی مشکلات و شکایات کو بآسانی انتظامیہ تک پہنچا سکیں۔
مزید پڑھیں: جموں و کشمیر میں کورونا کے 453 نئے پازیٹیو کیسز
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے بتایا کہ ضلع بھر میں کووڈ 19 ٹیسٹنگ میں تیزی لانے کے سبب مثبت معاملات میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مثبت افراد کے رابطے میں آنے والوں کی نشاندہی کر کے ان کی ٹیسٹنگ بھی ہنگامی بنیادوں پر انجام دی جا رہی ہے۔
اس ضمن میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوام سے رہنما خطوط کی پاسداری کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کنٹرول روم کے لئے عارضی طور لی گئی عمارت ضرورت پڑنے پر متعلقہ محکمہ کو واپس کی جائے گی۔