جموں و کشمیر کےضلع ڈوڈہ میں قومی روڈ سیفٹی ماہ کے تحت ضلع میں نوجوانوں میں روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی کو عام کرنے کے لیے بائک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
یہ بائیک ریلی بھدروہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اشتراک اور سلمان عثمان ڈیجیٹل ڈرائیونگ انسٹی ٹیوٹ ڈوڈہ کے تعاون سے منعقد کی گئی تھی۔
ریلی ڈی ڈی سی ڈوڈہ ڈاکٹر ساگر ڈائیفوڈ کی قیادت میں اسپورٹس اسٹیڈیم ڈوڈہ سے شروع ہوئی اور بھدرواہ کے مشہور سیاحتی مقام تیلی گڑھ تک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔
اس بیداری ریلی میں ڈوڈہ سے 100 سے زیادہ موٹر سائیکلوں کے علاوہ بیرون ضلع سے خواتین سمیت پندرہ ماہر بائکرس نے بھی شرکت کی۔
اے آر ٹی او ڈوڈہ نے کہا کہ اس طرح کی ریلیوں کا انعقاد کرنے کا اصل مقصد نوجوان نسل کو روڈ سیفٹی اقدامات کے بارے میں بیدار کرنا ہے اور یہ بھی بتایا کہ سڑک حادثات کا شکار ہونے والوں میں زیادہ تر تعداد نوجوان نسل کی ہے۔
اس موقع پر ڈی ڈی سی نے بائیکرز کو آگاہی ریلی میں شرکت کرنے پر مبارکباد پیش کی اور ان سے سڑک کی حفاظت کا سفیر بننے کی اپیل کی تاکہ پروگرام کا اصل مقصد ضلع کے ہر حصے میں پہنچ سکے۔
ڈی ڈی سی نے سڑک کے استعمال کرنے والے تمام افراد خصوصًا نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گاڑی چلاتے وقت تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، جس میں ہیلمیٹ، سیٹ بیلٹ پہننا اور تیز رفتار سے ڈرائیونگ وغیرہ سے بچنا ہے۔
جموں سے آئے ہوئے بائکرس نے بتایا کہ اُن کو اے آر ٹی او ڈوڈہ کی طرف سے بیداری ریلی میں مدعو کیا گیا تھا، اس ریلی کا مقصد عوام کو روڈ قوانین کے متعلق آگاہ کرنا تھا۔
اُنہوں نے بتایا کہ خطہ چناب کی سڑکیں بہت خطرناک ہیں، یہاں ایک چھوٹی سے غلطی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے، اس لیے نوجوان بائک چلاتے وقت ٹریفک قائدے قانون پر سختی سے عمل کریں۔
انھوں نے کہا کہ ہلیمنٹ کو اپنی عادت میں شامل کریں اور تیز چلنے سے ہمیشہ اجتناب کریں، اُنہوں نے خطہ چناب کے ضلع ڈوڈہ میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے اس ریلی کو اہم قرار دیا۔
ریلی کے دوران دروڈھو بھدرواہ کے مقام پر ڈوڈہ کے سلمان عثمان ڈیجیٹل ڈرائیونگ اسنٹی ٹیوٹ کی طرف سے بائکرس کے لیے مشروبات کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔