ڈوڈہ (جموں کشمیر) : ڈوڈہ سپورٹس سٹیڈیم میں انڈر 14 والی بال کا صوبائی سطح کا ٹورنامنٹ کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں صوبہ جموں کے سبھی اضلاع سے آئے ہوئے والی بال کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ یہ ٹورنامنٹ ضلع یوتھ سروسز اور محکمہ کھیل کود، ڈوڈہ، کے باہمی اشتراک سے انجام دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کا افتتاح ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ وشیش مہاجن نے ایس ایس پی ڈوڈہ عبدالقیوم اور دیگر افسران کی موجودگی میں کیا۔
ٹورنامنٹ میں جموں، سانبہ، کٹھوعہ، راجوری، پونچھ، ریاسی، ادھم پور اور ڈوڈہ کی نمائندگی کرنے والی آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا۔ مہمان خصوصی کے اسٹیڈیم پہنچنے پر ان کا والہانہ استقبال کیا اور جس کے بعد مہمان خصوصی، ڈی سی ڈوڈہ، نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انہیں کھیل کود کی سرگرمیوں میں شرکت کرنے کی تلقین کی۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب کے دوران مقررین نے پڑھائی کے ساتھ ساتھ کھیل کود کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے طلبہ سے کھیل کود میں شرکت کرکے جسمانی اور ذہنی طور تندرست رہنے پر زور دیا۔
ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں نے منتظمین کی ستائش کرتے ہوئے مستقبل میں بھی اس طرح کے ٹورنامنٹس کے انعقاد کی امید ظاہر کی۔ مختلف اضلاع سے آئے کھلاڑیوں نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو کے دوران کہا: ’’اس طرح کے ٹورنامنٹس سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوتے ہیں اور ان کے اندر پنہاں صلاحیتیں نکھر جاتی ہیں، اور کھلاڑیوں کو مستقبل کے بڑے ایونٹس کے لیے تیاری کا بھی بہترین موقع فراہم ہوتا ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: Traditional Sports Tournament ڈوڈہ میں دیسی کھیل مقابلوں کا انعقاد
اس موقع پر ڈی وائی ایس ایس آفیسر ڈوڈہ، جعفر حیدر شیخ، نے بتایا کہ وہ ڈویژنل سطح کے انڈر 14، انڈر 17 اور انڈر 17 گرلز والی بال ٹورنامنٹ کا بھی جلد انعقاد کریں گے اور آنے والے دنوں میں اس عمر کے گروپس کے ریسلنگ اور کھو کھو ٹورنامنٹس کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا ضلع ڈوڈہ ایک دور دراز ضلع ہونے کی وجہ سے کافی پسماندہ تصور کیا جاتا تھا تاہم اس طرح کے ٹورنامنٹ کے انعقاد سے ضلع بھر کے طلباء وطالبات سمیت کھیل شائقین میں کافی خوشی پائی جا رہی ہے جس کے پیش نظر اس طرح کے کھیل مقابلوں کو مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔