نئی دہلی: رواں برس ہمارے ملک نے 77واں یوم آزادی منایا ہے۔ جہاں ایک طرف ملک کی مختلف ریاستوں میں یوم آزادی کو ترنگے جھنڈے لہراکر اور اس کو سلامی دے کر منایا جاتا ہے وہیں ایک طبقہ ایسا بھی ہے جو رنگ برنگی خصوصی طور پر ترنگے والی پتنگیں اڑاکر یوم آزادی مناتا ہے۔ اس میں سے ایک بہت بڑا طبقہ ایسا ہے جو چائنیز مانجھے اور ایسی ڈور کا استعمال کرتا ہے جس سے انسان اور پرندے دونوں ہی متاثر ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
ایسے میں حکومت کی جانب سے بھی سخت اقدامات کیے گئے ہیں تاہم پرانی دہلی کے رہنے والے محمد تقی نے اپنی جانب سے ایک منفرد مہم کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے پتنگوں کے ذریعہ چائنیز مانجھے کا بائیکاٹ کرنے اور پرندوں اور انسانوں کی جان بچانے کے لیے پتنگوں پر اسٹیکر لگا کر اسے تقسیم کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے۔ فصیل بند شہر میں رہنے والے محمد تقی بہت سے مختلف پیغامات کی پتنگیں لوگوں کو مفت تقسیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے ان پتنگوں کا نام آپ کی جان کی حفاظت کی پتنگ رکھا ہے۔ محمد تقی کا ماننا ہے کہ یہ پتنگ جس کو دی جائیں گی وہ ان پر لکھے پیغامات پڑھے گا اور ان پر عمل کرے گا۔ جہاں پر بھی یہ پتنگ کٹ کر جائے گی اس پر لکھے پیغامات کو پڑھ کر چائنیز اور خطرناک ڈور سے اپنے اور دوسروں کی حفاظت کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں:
محمد تقی نے بتایا کہ وہ بازاروں میں دکانداروں اور بچوں میں مفت پتنگیں تقسیم کر رہے ہیں کیونکہ 15 اگست کو پتنگیں بہت بڑی تعداد میں اڑائی جاتی ہیں اور مانجھے کا بھی بھرپور استعمال ہوتا ہے۔ اس لیے یہ پیغامات والی پتنگیں بہت سے بے زبان پرندوں اور انسانوں کی جان بچا سکتی ہیں۔ محمد تقی اس سے قبل بھی پتنگوں کے ذریعہ کورونا کی حفاظتی پیغامات والی پتنگ تقسیم کر چکے ہیں، اس سے پہلے نفرت چھوڑو بھارت جوڑو کے پیغامات والی پتنگیں بھی مفت تقسیم کی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک پرندے اور ایک انسان کی بھی جان اگر ان پتنگوں کے پیغامات سے بچا سکا تو میری محنت رنگ لے آئے گی۔ یہ پتنگیں بازاروں میں گلی محلوں میں لوگوں کے درمیان تقسیم کرکے چھوٹوں، بڑوں اور بچوں کو سمجھا کر اس تحریک کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔