نئی دہلی: ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سابق صدر اور بی جے پی کے رکن پارلیمان برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف جنسی ہراسانی کی شکایت درج کرانے والی ایک نابالغ خاتون ریسلر نے اپنی شکایت واپس لے لی ہے۔ اتوار کو سوشل میڈیا پر اس طرح کی بحث زروں پر رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ نابالغ نے دو دن پہلے ہی اپنی شکایت واپس لے لی ہے، تاہم دہلی پولیس نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ پولس کی جانچ میں پتہ چلا کہ شکایت کرنے والی لڑکی بالغ ہے۔ اس کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا، اس لیے اس نے اپنی شکایت واپس لے لی ہے۔ تاہم شکایت واپس لینے سے قبل مجسٹریٹ کے سامنے ان کا بیان ریکارڈ کرایا گیا ہے۔ ایک نابالغ خاتون پہلوان کی شکایت پر برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف پاکسو ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی جبکہ دیگر چھ خواتین پہلوانوں کی شکایت پر برج بھوشن کے خلاف جنسی ہراسانی کی ایک الگ ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں:۔ Wrestlers Protest برج بھوشن کی مشکلات میں اضافہ، چار گواہوں نے الزامات کو درست قرار دیا
قابل ذکر ہے کہ برج بھوشن شرن سنگھ پر الزامات لگانے والی خواتین پہلوانوں نے جنتر منتر پر تقریباً 35 دنوں تک دھرنا دیا لیکن 28 مئی کو ہنگامہ آرائی کے بعد سبھی کو جنتر منتر سے ہٹا دیا گیا۔ خواتین ریسلرز سمیت کئی ریسلرز اب بھی برج بھوشن شرن کی گرفتاری کے مطالبے پر اٹل ہیں۔ آپ کو بتا دیں کہ برج بھوشن شرن سنگھ کی گرفتاری کا مطالبہ کرنے والے احتجاجی پہلوانوں نے ہفتہ کی دیر رات وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی تھی۔ وزیر داخلہ سے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک ملاقات کے دوران پہلوانوں نے اپنی بات رکھی۔