نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران بڑی تعداد میں لوگوں کی اموات ہوئی ہے، اس لئے حکومت کو بتانا چاہئے کہ یہ کس کی لاپرواہی کی وجہ سے ہوا ہے اور اس کے لئے کون ذمہ دار ہے۔
پرینکا گاندھی نے منگل کے روز فیس بک پر ایک پوسٹ میں کہا کہ جب ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر نے قہر برپا کرنا شروع کیا اور لوگ اسپتال میں بستر، آکسیجن، ویکسین اور ادویات کے لئے جدوجہد کر رہے تھے، تو لوگوں کو یہ توقع تھی کہ حکومت اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے دستیاب وسائل کا بھرپور استعمال کرکے لوگوں کو بچانے کا کام کرے گی، مگر مرکزی حکومت پوری طرح خاموش تماشائی بنی رہی اور پورے ملک میں تکلیف دہ صورتحال پیدا ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ تیاری کے نام پر حکومت کے پاس کچھ نہیں تھا۔ اس لئے فوری طور پر حکومت نے اپنی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور ویکسین برآمد کرنے کی اجازت دے دی اور 2020 میں اس کی برآمدات کو دوگنا کردیا۔
ملک کی آبادی سے قطع نظر، حکومت کا طرز عمل مکمل طور پر غیر ذمہ دار رہا۔ حکومت کی اس لاپرواہی کی وجہ سے، دوسری لہر کے دوران بے شمار اموات ہوئی۔
کانگریس کی جنرل سکریٹری نے کہا کہ آج جب قدرتی طور پر یہ لہر کچھ رکنے لگی ہے تو اچانک حکومت اپنے میڈیا اور مشینری کے ساتھ دوبارہ ظاہر ہونے لگ گئی ہے اور وزیر اعظم اور ان کے وزراء سامنے آکر بار پھر بیانات دینے لگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی لاپرواہی کی وجہ سے لوگوں کی جانیں گئیں ہیں، اس لئے کرسی پر بیٹھے لوگوں کو اپنی ذمہ داری اور جوابدہی کو سمجھ کر بیان دینا چاہئے۔