نئی دہلی:این ڈی آر ایف کے ڈی آئی جی محسن شاہدی کے مطابق دہلی میں این ڈی آر ایف کی 12 ٹیمیں مختلف علاقوں میں تعینات ہیں۔ امدادی کام گذشتہ شب سے جاری ہے۔ اس کارروائی کے دوران اب تک مختلف علاقوں سے 2500 افراد کو سیلاب زدہ علاقوں سے با حفاظت نکالا جا چکا ہے۔ فی الحال حالات قابو میں ہیں۔
وہیں سنٹرل واٹر کمیشن کے اندازے کے مطابق اگلے چند دن دہلی کے لوگوں کے لیے راحت کے نہیں بلکہ مصیبت کے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق جمنا کے پانی کی سطح 210 میٹر تک جا سکتی ہے۔
دہلی کے مختلف مقامات پر سیلاب کا پانی بھرا ہوا ہے جن میں جمنا بازار، آئی ٹی او، راج گھاٹ، سول لائن، عثمان آباد، مونٹیسوری، مجنوں کا ٹیلہ، نگم بودھ گھاٹ، جیت پور، گیتا کالونی، رنگ روڈ، کشمیری گیٹ، آئی ایس بی ٹی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سنہ 1978 میں، جمنا کی پانی کی سطح 207.49 میٹر تک پہنچ گئی تھی، اس دوران دارالحکومت دہلی کا نصف حصہ پانی میں ڈوب گیا تھا۔ صورتحال یہ تھی کہ لاکھوں لوگ بے گھر ہوگئے اور فوج کو ذمہ داری سنبھالنی پڑی۔
یہ بھی پڑھیں:Delhi Flood جمنا میں طغیانی کے سبب دہلی کے متعدد علاقوں میں واٹر سپلائی بند
اب اس وقت دہلی میں جمنا کی پانی کی سطح خطرے کے نشان سے تقریباً 2.5 میٹر اوپر پہنچ گئی ہے۔ بدھ کی شام 6 بجے پرانے ریلوے پل پر پانی کی سطح 207.81 میٹر ریکارڈ کی گئی۔ 100 سال کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب جمنا کے پانی کی سطح اس حد تک پہنچی ہے۔