قومی دارالحکومت دہلی میں کھادی اور دیہی صنعت کمیشن نے 'کھادی انڈیا' کے برانڈ کے نقلی ذاتی حفاظتی آلہ، پرسونل پروٹیکٹیو ایکیوپمنٹ (پی پی ای) کٹ بیچنے والی کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔
کمیشن کے صدر وی سکسینہ نے کہا کہ کھادی انڈیا نے کھادی کا استعمال کرتے ہوئے پی پی ای کٹ تیار کی ہے، جو اب ٹیسٹ کے دور میں ہے اور اس کی منظوری کا عمل چل رہا ہے، کمیشن نے ابھی تک کھادی کٹ مارکیٹ میں جاری نہیں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ بازار میں کچھ کمپنیاں کھادی انڈیا کے نام سے فرضی پی پی ای کٹ فروخت کررہی ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس طرح کی کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کھادی انڈیا کے نام سے مارکیٹ میں فروخت کیا جانے والا پی پی ای کٹ ڈاکٹر، نرس اور دیگر صحت کے اہلکاروں کے لیے محفوظ نہیں ہے، اس کا استعمال نہیں کیا جانا چاہیے، یہ زندگی کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔
مسٹر سکسینہ نے کہا کہ کھادی انڈیا نے کورونا وبا کے خلاف جدوجہد میں شراکت کے لیے ماسک تیار کیا ہے، یہ مکمل طور پر محفوظ ہے اور ان کو بنانے میں ہاتھ سے بنے کپڑے کا استعمال کیا جاتا ہے۔