نوئیڈا: الیکشن کمیشن آف انڈیا کی یکم نومبر سے 30 نومبر تک ووٹر لسٹ پر نظر ثانی مہم کو مکمل طور پر کامیاب بنانے کے لیے مختلف سطحوں پر بیداری پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں جس کا مقصد تمام شہریوں کو اس پروگرام کے ذریعے باخبر اور بیدار کرنا ہے۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر وندیتا سریواستو نے سویپ کمیٹی کی میٹنگ کرتے ہوئے تمام افسران سے کہا ہے کہ وہ ووٹر بیداری پروگرام کو بڑے پیمانے پر منعقد کریں۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ اسکول انسپکٹر اور ایجوکیشن سے وابستہ دیگر عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ ووٹر لسٹ میں نئے ووٹرز کے ناموں کے اندراج کے لیے محکمہ تعلیم کا اہم کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع کی تمام یونیورسٹیز، اسکولز اور کالجز میں بڑے پیمانے پر ووٹر آگاہی پروگرام اور ووٹر ہیلپ ڈیسک کا قیام کیا جائے۔ نئے ووٹرز جو یکم جنوری 2022 کو 18 سال کی عمر مکمل کر رہے ہیں، اس خصوصی مہم کے تحت ان کے نام درج کیے جائیں تاکہ شہری الیکشن کمیشن آف انڈیا کی اس اہم خصوصی مہم سے استفادہ کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام یونیورسٹیز، اسکولز اور کالجز میں ایسے طلباء کی نشاندہی کر کے ان کے آن لائن فارم چھ تاریخ تک فوری طور پر پُر کئے جائے، اسی طرح ضلع میں اس وقت جو ووٹرز نہیں ہیں، ان کے ناموں کو ہٹانے کے لیے خصوصی کارروائی کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کشمیریوں کا کبھی حامی نہیں ہو سکتا: رویندر رینا
انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں ووٹرز بیداری کے مقصد سے محکمہ تعلیم اور پنچایت راج محکمہ پروگرام منعقد کر کے تمام نئے ووٹروں کے نام فہرست میں شامل کریں۔ اس اہم کام میں تمام آر ڈبلیو اے اور دیگر رضاکار تنظیموں کی بھی مدد لی جائے تاکہ تمام شہری گھر بیٹھے اس پروگرام سے فائدہ اٹھا سکیں۔