دہلی کی پٹیالہ ہاؤس عدالت نے ٹول کٹ معاملے کے ملزم شبھم کر چودھری کی گرفتاری پر 15 مارچ تک روک لگاتے ہوئے کیس کی اگلی سماعت 15 مارچ کو طے کی ہے۔
آج سماعت کے دوران دہلی پولیس کی جانب سے وکیل عرفان احمد نے عدالت کو بتایا کہ ٹول کٹ معاملے کے دوسرے ملزم نکیتا جیکب اور شانتانو کی پیشگی ضمانت کی درخواست پر سماعت 15 مارچ کو ہونی ہے۔
انہوں نے 15 مارچ کو ہی شبھم کر کی درخواست پر بھی سماعت کا مطالبہ کیا۔ وکیل نے کہا کہ شبھم کو بامبے ہائی کورٹ سے 12 مارچ تک ضمانت ملی ہوئی ہے۔ اس کے بعد عدالت نے ان سے پوچھا کہ کیا آپ کو 15 مارچ تک گرفتاری روکنے میں کوئی اعتراض ہے۔ اس پر دہلی پولیس نے کہا کہ نہیں، اس کے بعد عدالت نے گرفتاری پر 15 مارچ تک روک لگاتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ 3 مارچ کو بامبے ہائی کورٹ نے شبھم کی ٹرانزٹ ضمانت منظور کی تھی اور گذشتہ 23 فروری کو عدالت نے ٹول کٹ کیس کے ملزمہ دشا روی کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا، پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے اس معاملے میں 14 فروری کو دشا روی کو بنگلور سے گرفتار کیا تھا۔
دہلی پولیس کے مطابق دشا روی نے شانتانو اور نکیتا پر الزام عائد کیا ہے، شانتانو اور نکیتا کو دہلی پولیس نے گذشتہ 22 جنوری کو پوچھ گچھ کے لیے بھی بلایا تھا، 9 مارچ کو عدالت نے اس کیس کے دوسرے ملزم شانتانو اور نکیتا کی گرفتاری پر 15 مارچ تک روک لگا دیا تھا۔
عدالت 15 مارچ کو دونوں کی پیشگی ضمانت کی درخواست پر سماعت کرے گی، جج دھرمیندر رانا دونوں کی درخواست ضمانت پر سماعت کریں گے۔