ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا متاثرین کے 6535 نئے معاملے سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 1,45,380 پر پہنچ گئی ہے۔ اسی مدت میں اس بیماری سے 2770 لوگ آزاد ہوئے ہیں جس سے صحتیاب ہوئے لوگوں کی تعداد 60,490 ہوگئی ہے۔ اس وقت کورونا کے فعال معاملات کی تعداد 80722 ہے اور کورونا کے معاملات کے دو گنا ہونے کی شرح 13.2 فیصد ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان لو اگروال نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک میں کورونا کے مریضوں کے ٹھیک ہونے کی شرح مارچ میں 7.1 فیصد تھی اور دوسرے لاک ڈاؤن کے وقت یہ 11.42 فیصد ہوگئی جبکہ تیسرے لاک ڈاؤن کے وقت یہ 26.69 اور چوتھے لاک ڈاؤن کے بعد اب یہ 41.61 فیصد ہوگئی ہے۔
دنیا کے دیگر ممالک کی اوسط اموات شرح 6.45 فیصد کے مقابلہ میں بھارت میں اموات کی شرح بہت کم ہے اور پہلے یہ 3.3فیصد (15اپریل تک) تھی جو اب مزید کم ہوکر 2.87 فیصد ہوگئی ہے۔ دنیا کے دیگر ممالک میں جہاں فی لاکھ کووڈ مریضوں کی شرح 69.9 ہے وہیں بھارت میں یہ 10.7 فی لاکھ ہے۔ دنیا میں فی لاکھ ہونے والی اموات 4.5 ہیں جبکہ بھارت میں یہ 0.3 اموات فی لاکھ آبادی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری مکمل توجہ معاملات کے بڑھنے پر نہیں ہونی چاہئے بلکہ لوگوں کی زندگی بچانے پر ہونی چاہئے کیونکہ یہ ایک وبائی مرض ہے اور جب تک اس کی کوئی موثر دوا یا ویکسین نہیں بن جاتی ہے تب تک سماجی دوری، ذاتی صفائی ستھرائی اور دیگر احتیاط کو اختیار کرنا ضروری ہے۔
مسٹر اگروال نے بتایا کہ اگر فی ایک لاکھ آبادی بات کی جائے تو جہاں دنیا میں ایک لاکھ لوگوں میں کورونا کے معاملات کا اوسط 69.9 ہے وہیں یہ بھارت میں 10.7 معاملات ہیں اور برازیل میں 165.8 اور اسپین میں 504.6 معاملے پائے گئے ہیں۔
کورونا سے ہونے والی اموات کے معاملہ میں بھی بھارت کئی ممالک سے پیچھے ہے اور دنیا میں جہاں یہ اوسط 6.4 فیصد ہے وہیں بھارت میں 2.87 فیصد ہے اور فرانس میں 19.9 فیصد ہے۔ اگر فی دس لاکھ لوگوں میں ہونے والی اموات کی بات کی جائے تو بیلجیئم میں یہ اعدا و شمار 800 ہے اور اسپین میں 614.95، فرانس میں 434.5 اور بھارت میں 3.8 ہے۔
انڈین کونسل میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر بلرام بھارگو نے بتایا کہ ملک میں اس وقت یومیہ 1.1 لاکھ کورونا نمونوں کی جانچ کی جارہی ہے۔ بھارت میں جہاں 17 جنوری کو آئی سی ایم آر، این آئی وی پنے کی ایک لیباریٹر کورونا کی جانچ کر رہی تھیں وہیں اب ملک میں 430 سرکاری اور 182 پرائیویٹ شعبہ کی لیباریٹریاں کورونا کی جانچ میں مصروف ہیں۔