اطلاع کے مطابق غازی آباد کھوڈا کالونی کے رہائشی کومل کی شادی جنوری 2019 میں جی ڈی کالونی میں رہنے والے موہت سے ہوئی تھی۔
ماں پشپا گپتا نے بتایا کہ شادی میں سسرال والوں کی ہر مانگ کو پورا کیا گیا۔ کومل کی شادی میں ہم نے لاکھوں روپے خرچ کیے۔ اس کے بعد بھی کومل کے سسرال والوں کی لالچ کم نہیں ہوئی۔ کئی بار رقم کا مطالبہ کیا گیا۔ کومل کو گھریلو تشدد کا بھی شکار بنایا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے موہت کو کاروبار شروع کرنے کے لئے رقم بھی دی۔ لیکن کومل کے ساتھ بدسلوکی کا سلسلہ جاری رہا۔ اس کے بعد فون آیا کہ کومل نے پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔ جب وہ اہل خانہ کے دیگر افراد کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچیں تو وہاں نہ تو کوئی پھندا تھا نہ ہی ٹیبل۔ کومل کی گردن پر نشان موجود تھا۔
جس کے بعد کومل کو فوری طور پر نوئیڈا کے نجی اسپتال پہنچایا گیا ، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ اسی اسپتال میں پوسٹ مارٹم بھی ہوا۔
مقامی ایس ڈی ایم کے ساتھ غازی پور پولیس بھی اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ، فی الحال جہیز اور قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تفتیش میں سامنے آنے والے حقائق کی بنا پر مزید کارروائی کی جائے گی۔