قومی دارالحکومت دہلی سے متصل ریاست اترپردیش کے صنتعی شہر نوئیڈا میں کوروناوائرس سے بچاؤ کے لیے جاری مکمل لاک ڈداؤن سے غریب طبقہ کافی پریشان ہے۔
پورے ملک میں پھیلنے والے کروناوائرس اور اس کے بعد لاک ڈاؤن سے پیدا ہوئی تشویشناک صورتحال میں لوگ اپنے اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔
اس موقع پر پریشان حال غریب ومزدور طبقہ کی مدد کے لیے سماجی اور فلاحی تنطیمییں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں، اسی ضمن میں نوئیڈا سیکٹر 8 کی جامع مسجد کمیٹی اور جمعیت علمائے ہند بھی پیش پیش ہے۔
نوئیڈا کی جامع مسجد کمیٹی اور جمعتیۃ علما ہند نے مشترکہ طور پر غریب اور پریشان حال لوگوں میں ضروری اشیا تقسیم کرکے انسانیت کا ثبوت دیا۔
نوئیڈا کی سیکٹر آٹھ میں جامع مسجد کے مفتی راشد قاسمی نے ضرورت مند اور مجبور لوگوں کو راشن اور کھانا تقسیم کیا۔
دہاڑی اجرت پر کام کرنے والے مزدور کھانے پینے کی اشیاء سے محروم ہیں، ایسے میں سیکٹر آٹھ جامع مسجد انتظامیہ کمیٹی (مسلم ایجوکیشن ٹرسٹ) اور جمعیت علماء ہند نوئیڈا یونٹ کے صدر مفتی راشد و دیگر اراکین نے ایسے مجبور لوگوں میں راشن اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کرکے ان کی مشکلات کم کرنے کی کوشش کی ہے۔
واضح رہے کہ سیکٹر آٹھ میں واقع جامع مسجد کے اطراف کثیر اور گنجان کچی آبادی ہے، ان میں سے بیشتر روز کمانے کھانے والے ہیں۔
لاک ڈاؤن سے ان کے گھر کے چولہے ٹھنڈے ہوچکے ہیں،کوئی ذریعہ معاش نہیں، ان کے شب روز دوسروں کی مدد پر منحصر ہیں، ایسے موقع پر انتظامیہ کمیٹی اور جمعیت علماء ہند نوئیڈا نے مدد کے ہاتھ آگے بڑھائے اور ان کا تعاون کیا۔
مفتی راشد نے کہا کہ بلا تفریق ذات پات، مذہب و ملت سبھی کو ضروری اشیائے مہیا کرانے کی کوشش کررہے ہیں اور آگے بھی عمل جاری رہے گا۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ حکومتی احکامات پر عمل کرتے ہوئے حفاظتی تدابیر اختیار کریں، تاکہ کوروناوائرس جیسی مہلک وبا کو پھیلنے سے روکا اور عوام کو بچا جاسکے۔