بھارت کے قومی دارالحکومت دہلی میں واقع انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر پوری دنیا میں مشہور ہے، اسی طرز پر کیرالہ کے مسلمانوں نے اپنا کلچرل سینٹر تعمیر کیا ہے۔
دہلی کے میور وہار میں کیرالہ اسلامک کلچرل سینٹر کے نام سے ایک سہ منزلہ عمارت تعمیر کی گئی ہے جس کا افتتاح رواں ماہ کی 29 تاریخ کو انجام دیا جائے گا۔
کیرالہ مسلم ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر کے کے بشیر نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ 'دراصل اس سینٹر کی تعمیر کیرالہ کے ان مسلم شہریوں کے لیے کی گئی ہے جو دہلی میں رہتے ہیں یا یہاں ان کا آنا جانا ہوتا ہے۔'
انہوں نے بتایا کہ 'یہ ایک طرح سے کیرالہ کے مسلم شہریوں کے لیے ملاقات کا ایک مرکز ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ یہاں اور کوئی نہیں آسکتا، یہ تمام بھارتیوں کے لیے ہمیشہ کھلا رہے گا، اگر کسی کو یہ جگہ استعمال بھی کرنی ہے تو وہ کچھ شرائط کے مطابق اس کا استعمال کرسکتے ہیں۔'
کے کے بشیر نے بتایا کہ سینٹر کی تعمیر 'دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی اراضی پر ہوئی ہے، جس کے لیے بلدیہ اور متعلقہ اداروں سے منظوری لینے کے بعد نقشے کے مطابق کام کرایا گیا، اب یہ عمارت تیار ہے، جس کا افتتاح جلد عمل میں آجائے گا، اس کے بعد ہم یہاں سے کئی رفاہی اور تعلیمی سرگرمیاں بھی چلائیں گے۔'