نئی دہلی: کانگریس پارٹی فوج میں بھرتی کی نئی اگنی پتھ اسکیم کی مخالفت کرنے والے نوجوانوں کی حمایت میں ہفتہ کو کھل کر سامنے آئی، لیکن پارٹی نے نوجوانوں سے حکومت کے سامنے اپنا موقف پرامن طریقے سے پیش کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔ پارٹی صدر سونیا گاندھی نے لکھے گئے خط کے ذریعے اگنی پتھ اسکیم کی مخالفت کرنے والے نوجوانوں سے تحریک کو پرامن اور عدم تشدد رکھنے کی اپیل کی اور کہا کہ اس اسکیم کی واپسی کے جدوجہد میں کانگریس ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا ''کانگریس آپ کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور اس اسکیم کو واپس کروانے کے لئے لڑنے اور آپ کے مفادات کے تحفظ کا وعدہ کرتی ہے۔ ایک سچے محب وطن کی طرح ہم سچائی، عدم تشدد، تحمل اور امن کے راستے پر چلتے ہوئے حکومت کے سامنے اپنی آواز بلند کریں گے۔ سونیا گاندھی کا یہ پیغام پارٹی جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے جاری کیا ہے Sonia Gandhi calls Agnipath 'directionless', appeals for peaceful protest۔
کانگریس صدر نے نوجوانوں کے نام ایک پیغام میں کہا، ''آپ ہندوستانی فوج میں شامل ہوکر ملک کی خدمت کا ایک اہم کام کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ فوج میں لاکھوں اسامیاں خالی ہونے کے باوجود پچھلے تین سال سے بھرتی نہ ہونے کا درد میں سمجھ سکتی ہوں۔ ایئر فورس میں بھرتی کا امتحان دے کر نتیجہ اور تقرری کا انتظار کر رہے نوجوانوں سے میری پوری ہمدردی ہے۔
انہوں نے کہا "مجھے افسوس ہے کہ حکومت نے آپ کی آواز کو نظر انداز کرتے ہوئے فوج کی نئی بھرتی کی اسکیم کا اعلان کیا ہے، جو کہ مکمل طور پر 'بے سمت' ہے۔ آپ کے ساتھ ساتھ کئی سابق فوجیوں اور دفاعی ماہرین نے بھی اس اسکیم پر سوالیہ نشان لگایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں آپ سے بھی درخواست کرتی ہوں کہ اپنے جائز مطالبات کے لیے پرامن اور غیر متشدد طریقے سے احتجاج کریں۔ کانگریس آپ کے ساتھ ہے۔
مزید پڑھیں:
- Protest Against Agneepath Scheme: اگنی پتھ اسکیم کے خلاف ممبئی میں بھی کانگریس کارکنان کا احتجاج
- Youth Runs 60 km to Oppose Agnipath: اگنی پتھ اسکیم کی مخالف میں اڑیشہ کے نریش کمار نے ساٹھ کلومیٹر دوڑ لگائی
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بی جے پی پر مرکز میں اقتدار میں آنے کے بعد سے 'جئے جوان جئے کسان' کے اقدار کی توہین کرنے کا الزام لگایا۔ مسٹر گاندھی نے ایک ٹویٹ میں کہا، "پہلے میں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم کو 'بلیک فارم لا' واپس لینا ہوگا۔ اسی طرح انہیں 'اگنی پتھ' اسکیم کو واپس لینا پڑے گا۔
کانگریس نے اسے فوری طور پر واپس لینے کے اپنے مطالبے کو دہرایا اور حکومت کو خبردار کیا کہ وہ ملک کی سلامتی کے ساتھ نہ کھیلے۔ کانگریس نے نوجوانوں سے اپنے جمہوری حق کا اظہارکرنے اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کے بجائے پرامن احتجاج کرنے کی اپیل کی۔
(یو این آئی)