شاہین باغ مظاہرہ کی انتظامی کمیٹی کے رکن محمد رفیع نے بتایا کہ قبل ازیں ایسی گاڑیوں کو راستہ فراہم کیا جارہا تھا جبکہ اب باضابطہ دوسری جانب کی بھی سڑک کو کھول دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہاں یہ بھی وضاحت ضروری ہے کہ دوسری طرف کا روڈ مظاہرین نے بند نہیں کیا تھا بلکہ پولیس نے بند کیا تھا جبکہ اس کی وجہ سیکورٹی کو بتایا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جس سڑک پر دھرنا مظاہرہ جاری ہے اسے کسی بھی طرح کھولنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور دھرنا مظاہرہ حسب سابق جاری رہے گا۔'
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل نے شہریت (ترمیمی) قانون (سی اے اے) اور قومی شہریت رجسٹر (این آر سی) کے خلاف مظاہرہ کرنے والی خواتین سے تحریک واپس لینے کی اپیل کی تھی، انہوں نے جنوبی دہلی کو نوئیڈا سے جوڑنے والی اہم شاہراہ پر گزشتہ ایک ماہ سے جاری مظاہرہ کی وجہ سے ٹریفک میں خلل پڑ رہا ہے اور اسکول کے بچوں اور مریضوں کو کافی مشکلات پیش آرہی ہیں۔
اس دوران شاہین باغ میں اہم شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور مظاہرین کے جذبہ میں کسی قسم کی کمی نہیں آئی ہے۔
سماجی کارکن اور ایڈووکیٹ سابق کونسلر عشرت جہاں نے بتایا کہ گزشتہ رات آل انڈیا ڈیموکریکٹ ویمن ایسوسی ایشنز کی رہنما میمونہ ملا نے مظاہرین کو خطاب کرتے ہوئے حکومت سے سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ بلالحاظ مذہب و ملت تمام لوگ احتجاجی مظاہرہ میں شامل ہو رہے ہیں۔
ٹی وی اینکر بشری خانم نے یہاں کی خواتین کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہاکہ ’آپ نے پورے ملک کو جگادیا ہے‘۔ اس کے علاوہ سماجی کارکن عابد نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ہنسراج کالج کے ٹھیٹر آرٹس گروپ نے کئی پروگرامس بھی پیش کیے۔'
محترمہ عشرت جہاں نے بتایا کہ' آج رات میں مشہور سماجی اور سیاسی کارکن تحسین پونا والا، ڈاکٹر رینو اور اسلامک سنٹر کے ابوذر خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو خواتین کبھی گھروں سے باہر نہیں نکلیں تھیں وہ آج سڑکوں پر احتجاج کر رہی ہیں کیوں کہ معاملہ ملک اور دستور بچانے کا ہے اور مسلم خواتین ملک کے لیے کسی بھی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹیں گی۔'