اپنے ماں باپ کے ساتھ شاہین باغ میں احتجاج میں شامل ہونے والے چار ماہ کے بچے کی موت کا واقعہ پیش آیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ چار ماہ کا محمد اپنے ماں باپ کے ساتھ شاہین باغ احتجاج میں آیا کرتا تھا، جہاں گزشتہ ہفتے ٹھنڈ کی وجہ سے بچے کو سردی، زکام ہوگیا اور اس کی طبیعت بگڑ گئی جس کے بعد اس کی موت ہوگئی۔
محمد کے ماں باپ بٹلہ ہاؤس علاقے میں رہتے ہیں، ان کے دو بچے ہیں۔ ان کا آبائی وطن بریلی ہے۔
محمد کے والد عارف کڑھائی اور ای رکشا چلانے کا کام کرتے ہیں، وہیں ان کی اہلیہ کڑھائی کے کام میں ان کی مدد کرتی ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ محمد کو اس کی ماں شاہین باغ مظاہرے میں لے جا یا کرتی تھیں، جہاں لوگ اس کو گود میں لیتے تھے اور اس کے گالوں پر اکثر ترنگا بنایا کرتے تھے۔
غورطلب ہے کہ شاہین باغ علاقے میں گزشتہ 51 روز سے مسلسل سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف احتجاج جاری ہے، جس میں بڑی تعداد میں خواتین شامل ہوتی ہیں۔ ان خواتین میں کئی خواتین کے گود میں چھوٹے۔ چھوٹے بچے بھی ہوتے ہیں۔