گذشتہ دنوں دہلی کے وزیراعلیٰ نے امت شاہ کو دہلی کے سرکاری اسکولز کے دورے کی دعوت دی تھی جس کے جواب میں امت شاہ نے ٹویٹ کے ذریعہ دہلی کے حکومت کے 8 اسکولز کی خستہ حالی کی جانب اشارہ کیا۔
آج اسی کے جواب میں دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال اور وزیر تعلیم منیش سیسودیا نے پریس کانفرنس کرکے امت شاہ کے ٹویٹ کی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ 'امت شاہ نے گزشتہ دنوں اپنی پوری طاقت دہلی کے سرکاری اسکولز میں خامیاں نکالنے میں لگا دی لیکن انہیں صرف8 ایسے اسکول ملے جس میں کام ہونا تھا۔ تاہم جو اسکول بی جے پی نے دکھائیں ہیں وہ مکمل سچ نہیں ہے۔'
مکمل سچ دکھانے کے لیے اروند کیجریوال نے منیش سیسودیا سے کہا کہ وہ بتائیں کہ حقیقت کیا ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ منیش سیسودیا نے وڈیوز کے ذریعہ بھارتی جنتا پارٹی کے کھوکھلے دعوؤں کی پول کھولتے ہوئے بتایا کہ 'جس اسکول کی ویڈیو گوتم گمبھیر نے دکھائی ہے وہ تو پہلے ہی شفت ہو چکا ہے اور اس کا نوٹس بھی اسکول کے باہر چسپاں ہے لیکن شاید گوتم گمبھیر کو جلیبیوں سے فرصت نہیں ملی ہوگی جس کی وجہ سے انہیں یہ نوٹس دکھائی ہی نہیں دیا۔'