نئی دہلی: دہلی اسمبلی اجلاس کے دوران عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے درگیش پاٹھک سمیت عام آدمی پارٹی لیڈروں نے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ کے خلاف بدعنوانی کے سنگین الزامات لگائے ہیں۔ Allegations of Corruption on Delhi LG یہ باتیں انہوں نے اسمبلی اجلاس میں آن ٹیبل کہیں۔ اس کے بعد عام آدمی پارٹی کے تمام ایم ایل ایز نے احاطے میں مظاہرہ بھی کیا۔ اس پر لیفٹیننٹ گورنر نے ان لیڈروں کو قانونی نوٹس بھیجا۔ نوٹس ملنے کے بعد عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا رُکن سنجے سنگھ نے پریس کانفرنس کے دوران نوٹس کی کاپی کو پھاڑ دیا اور ان پر بدعنوانی کا الزام لگایا۔
سنجے سنگھ نے کہا کہ 'اپنے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے ڈھائی لاکھ لوگوں کا پیسہ چوری کیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی سے اپیل کی ہے کہ وہ ونے کمار سکسینہ کو لیفٹیننٹ گورنر کے عہدے سے ہٹائیں۔
واضح رہے کہ دہلی اسمبلی اجلاس کے دوران عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے درگیش پاٹھک سمیت عام آدمی پارٹی رہنماؤں نے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ کے خلاف بدعنوانی کے سنگین الزامات لگائے تھے۔ اس کے بعد لیفٹیننٹ گورنر نے ان اے اے پی لیڈروں کو قانونی نوٹس بھیجا ہے۔ سنجے سنگھ نے ایک پریس کانفرنس میں یہ معلومات دی۔ اس دوران سنجے سنگھ نے میڈیا کی موجودگی میں لیفٹیننٹ گورنر کا ہتک عزت کا نوٹس پھاڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس طرح کے نوٹس سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ ایسے کئی نوٹس دیکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ راجیہ سبھا کے رکن ہیں اور ملک کے سُپریم ہاؤس کے رکن ہونے کے ناطے انہیں سچ بولنے کا حق ہے۔ بھارت کا آئین بھی انہیں سچ بولنے کا حق دیتا ہے۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ 'دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کی کرسی پر بیٹھا ہوا شخص بدعنوان ہے۔ اس لیے اس کے نوٹس سے میں سچ بولنے سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ میں ڈرنے والا بھی نہیں ہوں۔ نہ جانے ایسے کتنے نوٹس پھاڑ چکا ہوں۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ جب سے ونے سکسینہ نے لیفٹیننٹ گورنر کا عہدہ سنبھالا ہے، تب سے ان کے اور دہلی حکومت کے درمیان رسہ کشی جاری ہے۔ ماضی میں نئی ایکسائز پالیسی کے خلاف کافی ہنگامہ ہوا تھا۔ جو ابھی تک جاری ہے۔ عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمان سنجے سنگھ نے لیفٹیننٹ گورنر پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ(ونے سکسینہ) کھادی دیہی صنعتوں کے سربراہ تھے تب مزدوروں کی ادائیگی میں دھاندلی کی تھی۔
اس دوران سنگھ نے میڈیا کے سامنے ثبوت کے طور پر کئی دستاویزات پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ سچ سب کے سامنے آ گیا ہے کہ ونے سکسینہ کتنے بدعنوان ہیں۔ کھادی ولیج انڈسٹریز کا سربراہ رہتے ہوئے انہوں نے ڈھائی لاکھ لوگوں کا پیسہ لُوٹا ہے، اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ ساتھ ہی سنجے سنگھ نے وزیراعظم نریندر مودی سے سوال کیا کہ انہوں نے ایک بدعنوان شخص کو ایل جی کا عہدہ کیوں سونپا؟