دہلی: آلودگی سے نجات پانے کے لیے قومی دارالحکومت دہلی میں ڈیزل آٹو رکشا کا رجسٹریشن جنوری 2023 سے بند ہونے کی امید ہے،اس کے بعد صرف الیکٹرک اور سی این جی سے چلنے والے آٹو رکشا ہی رجسٹریشن ہوگا۔ سینٹرل ایئر کوالیٹی مینجمنٹ نے دہلی۔این سی آر کی ہوا کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے بنائی گئی پالیسی میں پورے این سی آر خطے سے ڈیزل سے چلنے والے آٹو رکشا کو بتدریج ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں یکم جنوری 2023 سے این سی آر شہروں میں صرف سی این جی اور الیکٹرک گاڑیاں ہی رجسٹر ہوں گی۔
کمیشن کے مطابق دہلی سے متصل گروگرام، فرید آباد، گوتم بودھ نگر اور غازی آباد میں 31 دسمبر 2024 تک ڈیزل آٹو رکشا کو مرحلہ وار ختم کر دیا جائے گا جبکہ این سی آر کے بقیہ شہروں میں اس کے لیے 31 دسمبر 2026 تک کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ قومی دارالحکومت علاقہ دہلی، ہریانہ کے 14 اضلاع، اتر پردیش کے آٹھ اضلاع اور راجستھان کے دو اضلاع پر مشتمل ہے۔ دہلی۔این سی آر میں آلودگی کی روک تھام کے لیے ایئر کوالیٹی مینجمنٹ کمیشن کی پالیسی میں ڈرائیورز کے لیے لازمی اقدامات کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ یکم جنوری 2023 سے دہلی۔این سی آر میں ایسی گاڑیوں کو پٹرول پمپوں سے ایندھن نہیں دیا جائے گا جن کے پاس درست آلودگی سرٹیفکیٹ (PUC) نہیں ہے۔ دہلی میں ڈیزل آٹو رکشہ سے ہونے والی آلودگی کو روکنے کے لیے سال 1998 میں آٹو رکشا کو سی این جی میں تبدیل کرنے کی مہم شروع کی گئی تھی۔ ایک طویل مہم کے بعد ڈیزل آٹو رکشا کو بھی آہستہ آہستہ دارالحکومت سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے تاکہ آلودگی میں کمی واقع ہو۔
دہلی ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ نے گزشتہ سال اکتوبر میں اسکیم شروعات کی تھی، جس کے بعد اب تک چار ہزار 261 ای آٹو رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔ یکم جنوری 2023 سے این سی آر میں صرف الیکٹرک۔سی این جی آٹو کا رجسٹریشن ہوگا جبکہ 31 دسمبر 2024 کے بعد ڈیزل آٹوز گروگرام، فرید آباد، گوتم بودھ نگر اور غازی آباد سے باہر ہو جائیں گے۔
مزید پڑھیں:Petrol, Diesel Prices: پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 34ویں دن بھی مستحکم
31 دسمبر 2026 کے بعد این سی آر کے دیگر شہروں میں بھی ڈیزل آٹو رکشا کی اجازت نہیں ہوگی۔ یکم جنوری 2023 سے دہلی۔این سی آر میں درست آلودگی سرٹیفکیٹ کے بغیر پٹرول پمپوں سے ایندھن دستیاب نہیں ہوگا۔