کسان رہنما راکیش ٹکیت غازی پور بارڈر سے پارلیمنٹ کے مظاہرے کے لئے روانہ ہوگئے ہیں۔ مظاہرے کے لئے روانہ ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'پارلیمنٹ کے باہر کسان اپنی آواز اٹھائیں گے جبکہ پارلیمنٹ کے اندر حزب اختلاف کے ارکان پارلیمان کسانوں کے معاملے پر حکومت کا گھیراؤ کریں گے۔ کسانوں نے پارلیمنٹ کے باہر مظاہرے کو 'کسان سنسد' کا نام دیا ہے۔
کسان رہنما راکیش ٹکیت نے کہا کہ 'اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کو ان کی طرف سے پیپولس وہپ بھیجا گیا ہے۔ اصل میں یہ ایک انتباہ ہے جس میں حزب اختلاف کے اراکین پارلیمان سے کہا گیا ہے کہ وہ کسانوں کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھائیں۔'
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ 'اگر اپوزیشن اراکین پارلیمان کے ذریعہ کسانوں کی آواز نہیں اٹھائی گئی تو آنے والے انتخابات میں ان اراکین پارلیمان سے وابستہ جماعتوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔'
یہ بھی پڑھیں: مانسون اجلاس کے درمیان آج جنتر منتر پر کسانوں کا احتجاجی مظاہرہ
راکیش ٹکیت نے مزید کہا کہ 'تمام اصولوں پر عمل کرتے ہوئے وہ پولیس اسکارٹ کے ساتھ احتجاج میں جارہے ہیں۔ تمام کسان کورونا گائڈ لائن پر عمل کریں گے اور احتجاج پرامن ہوگا۔ یہ احتجاج مانسون کے سیزن کے اختتام تک جاری رہے گا۔