نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی اور اس کے پڑوسی علاقوں میں پیر کی صبح ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی جس سے لوگوں کو شدید گرمی سے کچھ راحت ملی محکمہ موسمیات کے مطابق ایسا ہی موسم آئندہ 3 سے 4 روز تک جاری رہ سکتا ہے۔ بپر جوائے سائیکلون کا اثر اب ہلکا ہونا شروع ہو گیا ہے، اس لیے چند دنوں میں ملک بھر میں موسم کے مزاج میں تبدیلی آئے گی۔ چار پانچ دنوں میں تقریباً تمام ریاستوں سے لو کا اثر کم ہو جائے گا اور اس کے ساتھ ہی مانسون آ جائے گا۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق شہر میں 24 گھنٹوں کے دوران 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
آئی ایم ڈی نے کہا کہ کم از کم درجہ حرارت 25.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو سال کے اس وقت کے لیے معمول کے مطابق ہے۔ راجدھانی میں نمی کا تناسب صبح 8.30 بجے 96 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے دن ابر آلود دن رہنے اور ہلکی بارش یا گرج چمک کی پیش گوئی کی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق، سمندری طوفان’بپرجوئے‘ کے تقریباً مشرق-شمال مشرق کی طرف بڑھنے کا قوی امکان ہے اور اگلے 12 گھنٹوں کے دوران اس کے دباؤ کی شدت برقرار رہے گی۔ اس سے پہلے اتوار کو بپرجوئے کے زیر اثر راجستھان کے باڑمیر ضلع کے کچھ حصوں میں زبردست بارش ہوئی۔ کئی مقامات پر پانی جمع ہونے اور سیلاب جیسی صورتحال بھی دیکھی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: Assam Flood آسام کے متعدد اضلاع میں موسلادھار بارش، سیلاب سے 33,400 سے زیادہ لوگ متاثر
یو این آئی