برج پوری میں راہل گاندھی نے میڈیا سے کہا کہ 'اسکول دہلی کا مستقبل ہے لیکن نفرت اور تشدد نے اسے تباہ کر دیا۔ اس تشدد سے بھارت ماتا کو کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے۔'
راہل گاندھی نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 'سب کو مل کر پیار سے یہاں کام کرنا پڑے گا۔ بھارت کو جوڑ کر ہی آگے بڑھا جا سکتا ہے۔ دنیا میں جو شبیہ بھارت کی ہے، اس کو ٹھیس پہنچی ہے۔ بھائی چارہ اور ایکتا ہی ہماری طاقت تھی، اس کو یہاں جلایا گیا ہے۔ اس سے ہندوستان اور بھارت ماتا کو نقصان ہوتا ہے۔'
اس وفد میں راہل گاندھی کے علاوہ پارٹی کے سینیئر رہنما کے سی وینوگوپال، مکل واسنک، ترجمان رندیپ سرجے والا، رکن پارلیمان کے سریش، گورو گوگوئی اور دیگر رہنما شامل ہیں۔
راہل سمیت کچھ اراکین پارلیمان کے علاوہ کانگریس اراکین پارلیمان کا ایک اور وفد بھی بھی تشدد زدہ علاقوں میں پہنچا۔ ان میں عبدالخالق، گرجیت اوجلا، بینی بینن، ہیبی ایڈن اور دیگر کئی اراکین پارلیمان شامل تھے۔